مقبوضہ کشمیرمیں کالے قانون ختم ہونگے نہ افضل گورو کی باقیات ملیں گی بھارتی ڈھٹائی

پی ڈی پی نے پارلیمنٹ میں افضل گورو کی باقیات کی واپسی کا مطالبہ کیا جسے یکسر مسترد کردیا گیا

24سال بعد پاکستان سے اپنے خاندان کے ساتھ لوٹنے والا کشمیری گرفتار۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

بھارت نے ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہاہے کہ کالے قانون ختم کیے جائیں گے نہ افضل گورو کی باقیات لواحقین کو واپس کی جائیں گی۔

بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموں وکشمیر اور شمال مشرقی ریاستوں میں نافذ کالے قانون آرمڈ فورسز اسپیشل پاور ایکٹ (افسپا) اور اس کے تحت فوج کو حاصل خصوصی اختیارات کے خاتمے یا اس میں کسی بھی قسم کی ترمیم کو مسترد کردیا ہے۔ بھارتی پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران مقبوضہ کشمیر کے بھارت نواز پی ڈی پی کے رکن پارلیمنٹ طارق حمید قرہ کے ایک سوال پربھارت کے وزیر مملکت برائے داخلہ کرن ججی جو نے کہاکہ اس قانون کا جائزہ لینے کیلیے ریاستی حکومتیں اور بھارتی ایجنسیاں مشترکہ طورپر غور کرتی رہتی ہیں، مختلف غیر سرکاری تنظیموں کی جانب سے افسپا کی منسوخی کی سفارشات وقتاً فوقتاً سامنے آتی رہتی ہیں جبکہ ناگالینڈ حکومت نے ریاست میں ڈسٹربڈ ایریا ایکٹ کے خاتمے کی سفارش کی ہے۔


ادھر بھارت نے افضل گورو کی باقیات کی واپسی کے لیے پی ڈی پی کا مطالبہ بھی یکسر مسترد کردیا جبکہ کانگریس کے سینئر لیڈر منی شنکر آئر نے وکالت کی ہے کہ افضل گوروکی باقیات کو اس کے اہل خانہ کے سپرد کردینا چاہیے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مرکزی وزارت داخلہ نے پی ڈی پی کے اس مطالبے کو یکسر مسترد کردیا جس میں انھوں نے افضل گورو کی باقیات واپس کرنے کی وکالت کی تھی۔ وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق سیاسی وجوہ کی بنا پر افضل گورو کی باقیات کو واپس نہیں کیا جاسکتا۔ واضح رہے کہ افضل گورو کو 2001 میں پارلیمنٹ پر حملے میں ملوث ٹھہرایا گیا تھا اور 9 فروری 2013کو تہاڑ جیل میں تختہ دار پرلٹکایا گیا اور وہیں سپرد خاک کردیا گیا تھا۔

دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں 24 سال بعد پاکستان سے اپنے خاندان کے ساتھ لوٹنے والے ایک کشمیری کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق شیر بٹ نامی کشمیری اپنے خاندان کے ہمراہ نیپال کے راستے بھارت آیا ہے، پولیس نے بتایاکہ بٹ پاکستان میں 24 سال تک رہا جہاں اس نے پاکستان میں نوشین نامی لڑکی سے شادی کی، اس کے 4 بچے یعنی 3 لڑکیاں اور ایک لڑکا ہے۔ پولیس کے مطابق اس کے پاس ضروری دستاویزات نہیں تھیں۔ جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ نے حال ہی رٹھسونہ ترال میں شہید ہوئے نوجوانوں شبیر احمد میر اور ادریس احمد لون اوربارہ مولہ کے شہید اسکالر طاہر رسول صوفی کو ان کی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
Load Next Story