ڈیوس کپ اعصام اور عقیل کو ایوارڈ ز سے نوازا جائے گا

پاکستانی کھلاڑیوں کو موجودہ ایونٹ کے ڈیزائن پر بنائی گئی ٹرافیز ملیں گی اور بورڈ آف آنرز پر نام درج ہوں گے

نامزد327پلیئرز کیلیے مقابلوں کی ویب سائٹ پر بھی ایک الگ سیکشن بنانے کا فیصلہ۔ فوٹو: فائل

ڈیوس کپ میں ملک کیلیے گراں قدر خدمات انجام دینے والے ٹینس پلیئرز کو ایوارڈ سے نوازا جائے گا، دنیا بھر سے نامزد 327 کھلاڑیوں میں پاکستانی اسٹار اعصام الحق اور عقیل خان بھی شامل ہیں۔


تفصیلات کے مطابق ڈیوس کپ کمیٹی نے مقابلوں کی 115 سالہ تاریخ میں کم از کم 20 ہوم اینڈ اوے ٹائیز میں ملک کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑیوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے انھیں ایوارڈز دینے کا اعلان کیا ہے۔ گذشتہ روز کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کھلاڑیوں کو نامزد کیا گیا، پاکستان کے اعصام الحق اور عقیل خان بھی اس فہرست میں شامل ہیں، انھیں جمعے سے کولمبو میں کویت کیخلاف ایشیا اوشیانا زون گروپ ٹو ٹائی کے دوران اعزازات سے نوازا جائے گا۔ ڈیوس کپ انتظامیہ کے مطابق کھلاڑیوں کو موجودہ ایونٹ کے ڈیزائن پر بنائی گئی ٹرافیز دی جائیں گی، ان تمام کھلاڑیوں کے نام آئی ٹی ایف کے لندن ہیڈ کوارٹر میں بطور بورڈ آف آنرز بھی لگائے جائیں گے، تمام پلیئرز کیلیے ڈیوس کپ کی ویب سائٹ پر بھی ایک الگ سیکشن بنایا جائے گا۔

واضح رہے کہ ایوارڈ کیلیے نامزد کھلاڑیوں میں پاکستانی اسٹار اعصام الحق قریشی اور عقیل خان کے ساتھ بیلجیئم کے جیکس بریچنٹ، برطانوی جان لاؤڈ ، ہنگری کے استوان گلیاز، انڈونیشین سواندی سواندی،بونیٹ بریاوان، لگسمبرگ کے جونی گوڈنبور، جائلز مولر، مائیک سچیڈیویلر، مناکو کے بنجمن بالریٹ، گویلاؤمی گولیارڈ، نیوزی لینڈ کے جوز اسٹاتھم ، پرتگالی فریڈریکو جل، تھائی ناراتھرون سریچافان، ٹنا کورن سریچافان اور زمبابوے کے ویان بلیک و دیگر شامل ہیں۔ ڈیوس کپ کی تاریخ میں سان مرینو کے ڈومینکو وینسی ہرسطح کے 92 مقابلوں میں شرکت کرنے کے ساتھ سرفہرست ہیں، مقابلوں کا آغاز 1900 میں ہوا اور یہ ٹینس کی تاریخ میں ہر سال منعقد ہونے والا سب سے بڑا انٹرنیشنل ٹیم ایونٹ ہے، 2015 کے ایڈیشن میں 126 ممالک کی ٹیمیں گروپ ون، ٹو یا علاقائی زونز کے مختلف گروپس میں صلاحیتیں آزما رہی ہیں۔
Load Next Story