پیپلزپارٹی نے خیبرپختونخوا میں پیسوں سے ووٹ خریدے عمران خان کا دعویٰ

نوازشریف کو اگر جمہوریت کی فکر ہوتی تو وہ اتنے اہم موقع پر سعودی عرب کیوں چلے گئے، چیرمین تحریک انصاف

این اے 122 سے انصاف نہ ملا تو سڑکوں پر آکر حکومت کا چلنا ناممکن بنا دیں گے، عمران خان، فوٹو: ایکسپریس نیوز

RAWALPINDI:
چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے خیبر پختونخوا میں 4 ووٹ پیسوں سے خریدے اور اگر چیرمین سینیٹ بھی (ن) لیگ یا پی پی سے ہوا تو ہمارا کوئی سینیٹر ووٹ نہیں دے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ سینیٹ کے انتخابات میں تحریک انصاف نے کسی بھی دوسرے صوبے کے امیدوار کو ٹکٹ نہیں دیا جب کہ دوسری جماعتوں نے ایک صوبے کے لوگوں کو دوسرے صوبے میں ٹکٹ دیا ، سینیٹ میں سینیٹرز کی قیمتیں لگتی ہیں اور ہمارے ارکان کو بھی کروڑوں روپے کی پیشکش ہوئی لیکن وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے ہارس ٹریڈنگ کی کوشش ناکام بنادی۔


عمران خان نےکہا کہ جو لوگ کہتے تھے کہ نیا خیبر پختونخوا کہاں ہے تو انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ نیا کے پی کے دیکھ لیں جس میں لوگوں نے پیسے نہیں لیے جب کہ سابق صدر آصف زرداری اور وزیر اعظم نواز شریف سمیت سب کو پتا تھا کہ سینیٹ کے ووٹوں کے لیے پیسہ استعمال کیا جاتا ہے لیکن کسی نے اس کے خلاف آواز نہیں اٹھائی اور جب ہم نے اس کے خلاف بات کی تو اسے سینیٹ کی توہین کہا گیا۔ انہوں نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی نے خیبر پختونخوا میں 4 ووٹ پیسوں سے خریدے اور ایسا ممکن نہیں کہ جس جماعت کے ایم پی ایز پیسے لیں لیکن ان کے لیڈر پیسے نہ لیتے ہوں اس لیے اگر چیرمین سینیٹ (ن) لیگ یا پیپلز پارٹی سے ہوا تو ہمارا کوئی بھی سینیٹر ووٹ نہیں دے گا۔

چیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو جمہوریت کی کوئی فکر نہیں اگر انہیں اس کی فکر ہے کہ تو وہ اتنے اہم موقع پر سعودی عرب کیوں چلے گئے اور وہ اس دورے میں کون سا معرکہ سر کرکے آگے، مسلم لیگ (ن) نہیں چاہتی کہ ملک میں تبدیلی آئے کیونکہ ان کو یہی فرسودہ نظام چاہئے۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نادرا میں اس لیے گئے کہ معلوم تھا (ن) لیگ فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرے گی تاہم میں اگلے ہفتے نادرا کے چیرمین سے ملاقات کروں گا جس میں حلقے کی اصلیت کھل کر سامنے آجائے گی اور اگر اس کے بعد بھی ہمیں انصاف نہیں ملا تو سڑکوں پر آکر حکومت کا چلنا ناممکن بنا دیں گے۔
Load Next Story