کہیں آپ بہرے تو نہیں ہونے والے

ہر وقت اپنے کانوں کو ہیڈ فونز لگا کررکھنا جیسا کہ تم کرتے ہو ایک بری عادت ہے۔

ہر وقت اپنے کانوں کو ہیڈ فونز لگا کررکھنا جیسا کہ تم کرتے ہو ایک بری عادت ہے۔ فوٹو شٹر اسٹاک

MIRPUR:
یونیورسٹی سے واپس آتے ہی فراز نے اپنی کتابیں ایک طرف پھینکیں جیب سے موبائل فون نکالا اور ہیڈ فون پراپنی پسند کا گانا لگا کر بستر پر لیٹ گیا۔ ابھی لیٹے اسے کچھ ہی دیر گزری تھی کہ اس کی آنکھ لگ گئی اور وہ نیند کی آغوش میں چلا گیا۔ اُس نے خواب میں دیکھا کہ وہ اپنے کمرہ جماعت میں بیٹھا ہوا ہے اور اچانک اس کے اطراف خاموشی چھا گئی۔ اُس کے تمام ساتھی تو بول رہے تھے لیکن اسے کچھ سنائی نہیں دے رہا تھا ۔

وہ ہنس رہے تھے، چھیڑ چھاڑ کررہے تھے لیکن اُن کی آوازیں اُس کے کانوں تک نہیں پہنچ رہی تھیں۔ وہ صرف ان کے ہلتے ہونٹوں کو دیکھ رہا تھا۔ اچانک کسی نے اُسے جھنجھوڑا اوراُس کی آنکھ کھل گئی۔ کلاس کا سارا منظر غائب ہوگیا۔ اُس نے دیکھا کہ اس کی ماں اس کے سامنے کھڑی تھی اور اس کے ہاتھ میں کچھ پیسے تھے۔ بیٹا یہ پیسے لو اور بازار سے سبزی لے آؤ۔

ٹھیک ہے امی جان، اس نے احترام سے جواب دیا مگر اِس سے پہلے کہ اس کی امی واپس جاتیں وہ بول پڑا امی آپ سے ایک بات پوچھوں؟

ہاں ہاں کیوں نہیں، اس کی ماں نے جواب دیا۔

اس نے اپنی ماں کو تھوڑی دیر پہلے دیکھے خواب کے بارے میں بتادیا۔ وہ اس کی بات سن کر ہنس دیں۔ بیٹا یہ تو ایک خواب ہے، اس میں پریشان ہونے والی کون سی بات ہے، لیکن اس حوالے سے میں تمہیں ایک اہم بات بتانا چاہتی ہوں۔

وہ کیا امی؟ امی کی بات پوری ہوتے ہی فراز بول پڑا۔


دیکھو بیٹا یہ جو خواب تم نے دیکھا ہے یہ سچ بھی ہوسکتا ہے اگر تم نے احتیاط نہ کی تو۔

وہ کیسے امی؟ فراز نے حیران ہوتے ہوئے پوچھا۔

یہ جو تم ہیڈ فون لگا کر گانے سنتے ہو یہ تمہاری سماعت کو نقصان پہنچارہے ہیں، ہر وقت اپنے کانوں کو ہیڈ فونز لگا کر رکھنا جیسا کہ تم کرتے ہو ایک بُری عادت ہے، اس سے نہ صرف انسان اپنے گردونواح سے بے خبر ہوجاتا ہے بلکہ یہ کانوں کے لئے بھی انتہائی نقصان دہ ہے۔ حال ہی میں عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ شائع ہوئی ہے جس کے مطابق دنیا بھر میں 12 سے 35 سال کی عمر کے ایک ارب سے زائد افراد میں صوتی آلات کا استعمال خطرناک حد تک بڑھ گیا ہے، جس کے باعث ان کی قوت سماعت شدید متاثر ہورہی ہے۔ ان لوگوں نے اسی طرح صوتی آلات کا استعمال جاری رکھا تو وہ ہمیشہ کے لئے بہرے پن کا شکار ہوسکتے ہیں۔

بیٹا اگر ایک بار سماعت چلی گئی تو اس کا علاج ممکن نہیں ہے۔ اس لئے ضروری ہے کہ موسیقی سے لطف اندوز ہونے کے لئے ہیڈ فونز کا استعمال کم سے کم کیا جائے۔ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ ایک گھنٹے سے زائد ہیڈ فونز میں اونچی آواز سے گانے سننے سے بہرا ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ کان اﷲ کی دی ہوئی ایک بہت بڑی نعمت ہیں ہمیں ان کی قدر کرنی چاہیے۔ اُمید ہے تم بھی میری باتوں پر عمل کرو گے۔

فراز کی امی یہ کہہ کر کچن میں چلی جاتیں ہیں جبکہ فراز بھی یہ سوچ کر باہر نکل جاتا ہے کہ وہ اپنی امی کی کہی باتوں پر عمل کرے گا اور اپنے دوستوں کو بھی اس کے بارے میں ضرور بتائے گا تاکہ وہ بھی ہیڈ فونز کا استعمال کم سے کم کریں اور اپنے کانوں کو بہرہ ہونے سے بچائیں۔

نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 سے 800 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر ، فیس بک اور ٹویٹر آئی ڈیز اوراپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ blog@express.com.pk پر ای میل کریں۔ بلاگ کے ساتھ تصاویر اورویڈیو لنکس بھی بھیجے جاسکتے ہیں۔
Load Next Story