جامشورو سے 3 دہشت گرد بھاری اسلحے سمیت گرفتار

جامشورو میں سپر ہائی پر رکشے سے 60 کلو گرام بارودی مواد برآمد ہوا جو کراچی منتقل کیا جا رہا تھا، پولیس

گرفتار دہشت گردوں کا تعلق سوات سے ہے جن سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے، ایس ایس پی نعیم شیخ۔ فوٹو: فائل

پولیس نے سپرہائی وے پر کامیاب کارروائی کر تے ہوئے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ بھاری تعداد میں دھماکا خیز مواد کراچی منتقل کیا جا رہا ہے جس کے بعد پولیس نے چیکنگ سخت کردی اور جب جامشورو سپر ہائی وے پر ٹول پلازہ کے قریب ٹی موڑ کے علاقے میں ایک مشکوک رکشے کو روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے فرار کی کوشش کی جس پر پولیس نے رکشے کا گھیراؤ کر کے جب اس کی تلاشی لی تو اس کے خفیہ خانوں سے 60 کلو گرام بارودی مواد برآمد ہوا۔

ایس ایس پی جامشورو نعیم شیخ کا کہنا ہے بارودی مواد پشاورسے بذریعہ ٹرک لایا گیا اور ہالا ناکے پر رکشے میں منتقل کیا گیا، کراچی اسلحہ منتقل کرنے والے 3 دہشت گردوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جن کی شناخت سلیم شاہ، فرین شاہ اور جبار شاہ سے ہوئی ہے، ملزمان کا تعلق سوات سے ہے جن سے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ ایس ایس پی جامشورو نے کامیاب کارروائی پر پولیس اہلکاروں کو مبارکباد دی اور ان کے لئے 50 ہزار روپے انعام کا اعلان بھی کیا۔
Load Next Story