ڈالرکی قدربڑھنےسے بیشتراشیاکی عالمی قیمتیں گرگئیں

برینٹ خام تیل60ڈالرسے نیچے آگیا،گزشتہ ہفتے سونے چاندی وپلاٹینم کے نرخ کم


AFP March 08, 2015
تانبے، ایلومینیم اورجست کے بھاؤبھی گھٹ گئے،چینی کی قیمت4ڈالرفی ٹن بڑھ گئی فوٹو: فائل

WASHINGTON: امریکی ڈالرکی قدرمیں اضافے کے باعث اجناس کی عالمی منڈیوں میں گزشتہ ہفتے بیشتراشیا کی قیمتیں گرگئیں۔

یورپی برانڈ کے خام تیل برینٹ کے نرخ 60ڈالر فی بیرل سے نیچے آگئے جبکہ سونے چاندی و پلاٹینم کے نرخ بھی کم ہوگئے، تانبے، ایلومینیم اور جست کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں تاہم چینی کی قیمت کئی سال کی کم ترین سطح پر گرکر3ڈالر فی ٹن تک بڑھ گئی۔

گزشتہ ہفتے لندن کی انٹرکانٹینینٹل ایکس چینج میں برینٹ نارتھ سی خام تیل کی اپریل میں فراہمی کے لیے قیمت 16.67ڈالر سے گھٹ کر 59.73 ڈالر فی بیرل پر آگئی جبکہ نیویارک مرکنٹائل ایکس چینج میں ویسٹ ٹیکسا انٹرمیڈیٹ یا لائٹ سوئٹ کروڈ کے آئندہ ماہ ترسیل کے لیے نرخ 48.94ڈالر سے بڑھ کر 49.61ڈالر فی بیرل ہوگئے۔

لندن بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت ایک ہفتے میں 1214ڈالر سے گھٹ کر 1167ڈالر فی اونس جبکہ چاندی کی 16.53 ڈالر سے گھٹ کر15.99ڈالر فی اونس ہوگئی، لندن پلاٹینم وپلاڈیم مارکیٹ میں پلاٹینم کی قیمت 1177 سے گھٹ کر 1166ڈالر فی اونس اور پلاڈیم کی 808 ڈالر سے بڑھ کر 823 ڈالر فی اونس ہوگئی، لندن میٹل مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے ملا جلا رجحان رہا۔

بعض صنعتی دھاتوں کی قیمتوں میں اضافہ اور بعض میں کمی ہوئی، ایک ہفتے میں تانبے کی قیمت 5ہزار862 ڈالر سے گھٹ کر 5 ہزار 474 ڈالر فی ٹن اور ایلومینیم کی 1810 ڈالر سے کم ہو کر 1795 ڈالر فی ٹن پر آگئی جبکہ لیڈ کی قیمت 1747 ڈالر سے بڑھ کر 1806ڈالر فی ٹن، ٹین کی 17 ہزار 910 ڈالر سے بلند ہو کر 18ہزار 90ڈالر فی ٹن اور قلعی کی 14ہزار110 ڈالر سے بڑھ کر 14ہزار 310 ڈالر فی ٹن ہوگئی تاہم جست کے نرخ 2ہزار68 سے گھٹ کر 2ہزار 16ڈالر فی ٹن رہ گئے۔

گزشتہ ہفتے برازیل میں بارشوں میں گنے کی بہتر فصل اور چینی کی پیداوار میں اضافے کی امید پر ایک موقع پر چینی کی قیمتیں 6سال کی کم ترین سطح 364ڈالر فی ٹن تک گر گئی تاہم بعدمیں اضافہ ہوا اور ہفتے کے اختتام پر چینی کی مئی میں فراہمی کے لیے عالمی 4 ڈالر کے اضافے سے 374ڈلر فی ٹن پر پہنچ گئی، گزشتہ ہفتے امریکی مارکیٹ میں مکئی کی قیمت میں کمی اور گندم کی قیمت میں اضافہ دیکھاگیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔