شہریوں کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکار خود لٹیرے بن گئے

اے ایس آئی شاہ فیصل نے رضویہ سے تاجر کو اغواکیا


Staff Reporter March 08, 2015
زمان ٹائون تھانے کاسپاہی اکرم پانی چوری،شراب،فحاشی کے اڈے چلانے لگا،اسٹریٹ کریمنلزاورڈکیتوں کاسرپرست بن گیا فوٹو: فائل

پولیس اہلکار اغوا ،ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ہونے لگے۔

پولیس اہلکار پیشہ ور ملزمان کی سرپرستی کرتے ہیں، سرجانی ٹائون سے گرفتار اغوا برائے تاوان میں ملوث پولیس اہلکار اور اس کے ساتھیوں کو تھانے کے حوالات میں ہر قسم کی سہولتیں اور آسائشیں مہیا کی جارہی ہیں، زمان ٹائون میں لٹیروں کی سرپرستی کرنے والے سپاہی کیخلاف تاحال کارروائی نہ ہوسکی۔

تفصیلات کے مطابق شہریوں کے جان و مال کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکار بھی لٹیرے بن گئے، اغوا، ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم سمیت کئی وارداتیں میں پولیس اہلکاروں کے ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد ملے ہیں ذرائع کے مطابق سرجانی ٹائون پولیس نے جمعہ کی شب رضویہ کے رہائشی تاجر طیب کے اغوا میں ملوث سائٹ ڈویژن کے اہلکار اے ایس آئی شاہ فیصل اور اس کے 3 ساتھیوں معلم شاہ ، حبیب الرحمن عرف فاروق اور شفیع اللہ کو گرفتار کرکے رضویہ پولیس کے حوالے کیا۔

جہاں چاروں ملزمان کو حوالات میں ہر قسم کی آسائشیں مہیا کی جارہی ہیں، ملزمان کو موبائل فون کی سہولت حاصل اور اہل خانہ سے ملاقات کے علاوہ تھانے میں گھومنے کی بھی آزادی ہے، ملزمان حوالات میں کم اور ہیڈ محرر کے کمرے میں زیادہ وقت گزارتے ہیں، پولیس اہلکار اے ایس آئی شاہ فیصل سائٹ کے مختلف تھانوں میں جنرل پوسٹنگ کے علاوہ ہیڈ محرر کے فرائض انجام دے چکا ہے۔

ملزمان کئی روز سرجانی ٹائون پولیس کی تحویل میں رہے جہاں انھیں تمام تر سہولتیں فراہم کی گئیں ، اس دوران مدعی پر دبائو ڈالا جارہا تھا کہ وہ مقدمہ واپس لے لیکن مدعی کے نہ ماننے پر مجبوراً پولیس کو ملزمان کی گرفتاری ظاہر کرنا پڑی، دوسری طرف کورنگی زمان ٹائون تھانے کا سپاہی محمد اکرم عرف ملا اکرم علاقے میں غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہے جو چکرا گوٹھ میں 2 غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے علاوہ نورانی بستی میں فحاشی کا اڈا چلاتا ہے، اکرم نے ناصر جمپ پر شراب کی دکان بھی کھولی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔