2013 میں سرکلر ریلوے بحال ہوجائے گی ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ

کراچی کے انفرااسٹرکچر کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے،پاکستان میں سرمایہ کاری کی بہت گنجائش موجود ہے


ایکسپریس July 14, 2012
کراچی کے انفرااسٹرکچر کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے،پاکستان خصوصاً کراچی میں سرمایہ کاری کی بہت گنجائش موجود ہے۔ فوٹو/ایکسپریس

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر محمد حسین سید نے کہا ہے کہ برطانیہ کے سرمایہ کار اور ٹریڈسیکٹر کے افراد اور مختلف بین الاقوامی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کریں تاکہ تجارت و معیشت کے فروغ کے ساتھ ساتھ لوگوں کو روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں۔

یہ بات آج انھوں نے برطانیہ میں برسراقتدار کنزرویٹو پارٹی کی کو چیئرپرسن برونیس سعیدہ وارثی سے ان کے دفتر میں ملاقات کے موقع پر کہی، اس موقع پر پاک برٹن پرو بزنس انویسٹمنٹ فورم، یوکے اسٹیٹ انویسٹمنٹ، بریڈ فورڈ یونیورسٹی کے اعلیٰ سطحی ارکان، برطانیہ کے ٹاپ بزنس لیڈر، حکومت برطانیہ کے حکام، برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر واجد شمس الحسن اور دیگر بھی موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی محمد حسین سید نے کہا کہ پاکستان خصوصاً کراچی میں سرمایہ کاری کی بہت گنجائش موجود ہے اور یہ پاکستان سمیت بین الاقوامی کمپنیوں، انٹرنیشنل برانڈ اور برٹش برانڈ کے لیے انتہائی فائدے مند شہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کی آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے اور دو کروڑ افراد پر مشتمل آبادی کے لیے وسائل کی ضرورت میں بھی اضافہ ہو رہا ہے،کراچی میں آباد لوگوں کی قوت خرید بڑھ رہی ہے اور گزشتہ دہائی میں کئی انٹرنیشنل برانڈز اور مختلف بین الاقوامی کمپنیوں نے اپنے آئوٹ لیٹس کراچی میں بنائے ہیں جو انتہائی کامیابی سے چل رہے ہیں، انھوں نے کہا کہ کراچی ساحلی شہر ہونے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی شہر بھی ہے یہاں لاکھوں کی تعداد میں بزنس مین، تجارت و صنعت سے وابستہ افراد کی آمدورفت جاری رہتی ہے جس کے باعث یہاں کاروباری سرگرمیاں پاکستان کے دوسرے شہروں سے زیادہ بہتر ہیں، انھوں نے کہا کہ کراچی کے انفرااسٹرکچر کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔

2013ء کے وسط میں یہاں سرکلر ریلوے بحال ہوجائے گی، ریپڈ بس سسٹم کا آغاز کیا جا رہا ہے جبکہ مختلف مقامات پر نئے کوریڈورز تعمیر کیے جا رہے ہیں جبکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہر کی تعمیر و ترقی پر 31 ارب 64 کروڑ روپے رواں مالی سال میں خرچ کرے گی،کنزرویٹو پارٹی کی کوچیئرپرسن سعیدہ وارثی نے کہا کہ پاکستان ایک ترقی پذیر ملک ہے اور یہاں تعلیم، صحت، معیشت، صنعت، تجارت میں سرمایہ کاری کی جاسکتی ہے اور مجھے خوشی ہوگی کہ برطانیہ کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کریں اور وہاں کے لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنانے میں ہاتھ بٹائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں