ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اوربرفباری سے نظام زندگی مفلوج

مظفرآباداورگلیات میں لینڈ سلائڈنگ کے باعث اہم سڑکیں بندکردی گئیں جبکہ بارش کا سلسلہ آئندہ 2 روزتک جاری رہنےکا امکان


ویب ڈیسک March 08, 2015
خیبر پختونخواہ ،پنجاب اور سندھ کے بیشترپہاڑی علاقوں میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ فوٹو: فائل

ملکی بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ تیسرے روز بھی جاری ہے جب کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے مختلف علاقوں میں موسلادھاربارش کی مزید پیش گوئی کی گئی ہے۔

ملک میں مختلف شہروں میں جاری بارش اور برفباری نے جہاں سردی کی شدت میں اضافہ کردیا ہے وہیں روز مرہ کی زندگی بھی مفلوج ہو کررہ گئی ہے۔ ملکی بالائی علاقوں میں برفباری کے بعد سردی کی شدت میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ہوگیا جب کہ مری میں 11، مالم جبہ میں 16، استور میں 3اور کالام میں 2 انچ برفباری بھی ہوئی جبکہ مظفرآباد اور گلیات میں لینڈ سلائڈنگ کے باعث اہم سڑکیں ٹریفک کے لئے بند کردی گئیں۔ انتظامیہ نے سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مری اور دیگر تفریح مقامات پر گاڑیوں کے ٹائروں پر زنجیریں لگا کرآئیں۔ دوسری جانب برفباری سے متاثرہ علاقوں کے شہری گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے جب کہ مختلف شہروں میں بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخواہ ،پنجاب اور سندھ کے بیشترپہاڑی علاقوں میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے جبکہ گزشتہ روز بھی بیشترعلاقوں میں بارش موسلا دھار بارش کی ریکارڈ کی گئی۔ پارا چنار میں 67،پشاور میں43، جیکب آباد میں 25 کوئٹہ،مالم جبہ میں 10،ملتان اور بہاولپور میں7، بھکراورڈی جی خان میں 5 اورلاہور میں 3ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ آئندہ مزید 2 روز تک جاری رہنے کا امکان ہے جب کہ بالائی علاقوں میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔