رینجرز نے کالعدم تنظیم کے 3 کارندوں کو حراست میں لے لیا

ملزمان کے دیگر ساتھی شہر کے مختلف علاقوں میں روپوش ہیں، ترجمان رینجرز

بین الصوبائی موٹر سائیکل لفٹر گروہ کے 3 کارندے مقابلے کے بعد گرفتار کرلیے گئے۔ فوٹو: فائل

رینجرز اور پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے کالعدم تنظیم اور بین الصوبائی موٹر سائیکل لفٹر سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے چوری کی گئی موٹر سائیکلیں اور اسلحہ برآمد کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق رینجرز نے گلشن غازی ، پٹھان کالونی اور قصبہ کالونی میں انٹیلی جینس رپورٹ پر ٹارگٹڈ کارروائیاں کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 3 دہشت گردوں کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا، حراست میں لیے جانے والے ملزمان کو تفتیش کیلیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا، ترجمان نے بتایا کہ حراست میں لیے جانے والے ملزمان کا تعلق کالعدم لشکر جھنگوی سے ہے، ملزمان شہر میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، ابتدائی تفتیش کے مطابق دہشت گردوں کا ہدف امام بارگاہیں، مساجد، اہم سیاسی و مذہبی شخصیات اور سرکاری تنصیبات تھیں۔


حراست میں لیے جانے والے ملزمان کے دیگر ساتھی بھی شہر کے مختلف علاقوں میں روپوش ہیں، حراست میں لیے جانے والے ملزمان سے حاصل کی جانے والے معلومات پر دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں ، ایس ڈی پی او خواجہ اجمیر نگری ڈی ایس پی الطاف حسین کی سربراہی میں ایس ایچ او خواجہ اجمیر نگری اسماعیل رند نے پولیس پارٹی کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے مقابلے کے بعد 3 ملزمان محمد عمران، فراز اور مشرف کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے چوری کی گئی 5 موٹر سائیکلیں اور 3 ٹی ٹی پستول برآمد کرلیں، پولیس کے مطابق حراست میں لیے جانے والے ملزمان کا تعلق بین الصوبائی موٹر سائیکل لفٹر گروہ سے ہے جن کے دیگر ساتھی حب، اندرون سندھ ، جنوبی پنجاب میں موجود ہیں۔

ملزمان کراچی سے موٹر سائیکلیں چوری و چھین کر دیگر شہروں میں لے جا کر فروخت کرتے تھے ، گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے ، پیر آباد پولیس نے مقابلے کے بعد زخمی ملزم نہال اور اس کے ساتھی فواد کو گرفتارکرلیا، علاوہ ازیںپولیس نے 74 ملزمان کوگرفتار کرکے قبضے سے اسلحہ، دستی بم اورمنشیات برآمد کرلی،کراچی پولیس ترجمان کے مطابق پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مارکارروائیوں کے دوران 74 ملزمان کو گرفتار کرکے قبضے سے27 پستول، 4 دستی بم ، 2 ہزار 440 گرام چرس، 10 گرام ہیروئن اورشراب کی 2 بوتلیں برآمد کرلیں، گرفتار ملزمان میں 4 قاتل، ڈکیت، چوراور 16 اشتہاری شامل ہیں۔
Load Next Story