کمار سنگاکارا کے ون ڈے میں 14 ہزار رنز مکمل ورلڈ کپ سنچریوں کی ہیٹ ٹرک بھی بنادی

سنگاکارا نے ورلڈ کپ میں اپنی ابتدائی 25 اننگز میں ایک بھی سنچری نہیں بنائی تھی


AFP March 09, 2015
سنگاکارا نے ورلڈ کپ میں اپنی ابتدائی 25 اننگز میں ایک بھی سنچری نہیں بنائی تھی۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

سری لنکا کے کمار سنگاکارا ورلڈ کپ میں سنچریوں کی ہیٹ ٹرک کرنے والے پہلے کرکٹر بن گئے، ون ڈے انٹرنیشنل میں 14 ہزار رنز مکمل کرنے والے دوسرے کھلاڑی کا اعزاز بھی ان کے حصے میں آگیا، انھوں نے مسلسل تین میچز میں تھری فیگر اننگز سجائی ہیں۔

مجموعی طور پر انھوں نے ون ڈے میچز میں مسلسل تین سنچریوں کا ظہیر عباس، سعید انور، ہرشل گبز، ابراہم ڈی ویلیئرز، کوئنٹین ڈی کاک اور روز ٹیلر کا ریکارڈ برابر کیا ہے، سنگاکارا نے اپنے 402ویں میچ میں آسٹریلیا کے خلاف اپنی 24 ویں سنچری اسکور کی، دلچسپ بات یہ ہے کہ سنگاکارا نے ورلڈ کپ میں اپنی ابتدائی 25 اننگز میں ایک بھی سنچری نہیں بنائی تھی، اس دوران انھوں نے 6 ففٹیز کی مدد اور 40.94 کی اوسط سے 778 رنز بنائے تھے۔ جبکہ اپنی آخری 8 ورلڈ کپ اننگز میں انھوں نے 4 سنچریاں اور ایک ففٹی بنائی۔

اس دوران 97.50 کی ایوریج سے 585 رنز بنائے، آسٹریلیا کے خلاف گذشتہ روز کھیلے گئے میچ میں آف اسپنر گلین میکسویل کی گیند پر 2 رنز لیکرجب وہ 39 پر پہنچے تو 14 ہزار ون ڈے رنز اسکور کرنے والے دوسرے کھلاڑی بن چکے تھے، ان سے قبل یہ سنگ میل سچن ٹنڈولکر نے عبور کیا جو کہ 463 میچز میں 18246 رنز کے ساتھ ٹاپ پر موجود ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں