کراچی مختلف علاقوں میں پولیس و رینجرز سے مقابلوں میں 9 دہشت گرد ہلاک

ناظم آباد میں رینجرزکے چھاپے پرملزمان نے حملہ کردیا،جوابی کارروائی میں2منشیات فروش ہلاک، منگھوپیرمیں 3طالبان مارے گئے


Staff Reporter March 09, 2015
لیاری کھڈہ مارکیٹ میں شیراز کامریڈ گروپ کے 3 گینگسٹرز، سہراب گوٹھ میں 24 سالہ ملزم ہلاک، مقابلوں میں اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔ فوٹو : فائل

کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز اور پولیس سے مقابلوں میں 9 دہشت گردہلاک ہوگئے جن کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق رینجرزکی ایک ٹیم نے اغوابرائے تاوان کے زیرحراست ملزم کی نشاندہی پرہفتے اور اتوار کی درمیانی شب رضویہ کے علاقے ناظم آبادنمبرایک نادریہ ہوٹل کے عقب نصرت کالونی میں منشیات کے اڈے پرچھاپہ ماراتووہاں موجود جرائم پیشہ عناصر نے رینجرزپرفائرنگ کر دی،جوابی کارروائی پر2 ملزمان مارے گئے جبکہ دیگر ملزمان فرارہوگئے ۔اطلاع ملنے پررضویہ پولیس موقع پرپہنچ گئی اورہلاک ہونے والے دونوں ملزمان کے قریب پڑااسلحہ تحویل میں لے لیا،ملزمان کی شناخت زیارت گل عرف کوہاٹی اورعامرکے نام سے کر لی گئیں۔

رینجرزترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان اغوا برائے تاوان کی متعددوارداتوں میں ملوث ہیں۔ منگھوپیر کے علاقے اجتماع گاہ روڈکے قریب میرمحمد گوٹھ میں پولیس نے ایک مکان پرچھاپہ مارا تو وہاں موجود ملزمان نے فائرنگ کردی، فائرنگ کا سلسلہ آدھے گھنٹے جاری رہا۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران 3 ملزمان ہلاک ہوگئے جبکہ 2 فرار ہوگئے۔ پولیس کااسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) عمران بھی زخمی ہوگیا۔ ہلاک ہونے والوں میں صالح محمد،امجد اور تنویرشامل ہیں جن کاتعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سوات گروپ سے تھا، ملزمان کے قبضے سے ایک کلاشنکوف اور 3 ٹی ٹی پستول برآمد کرلیے گئے۔

ملزمان قتل، اقدام قتل، بھتہ خوری، بم دھماکوں اور دہشت گردی کئی وارداتوں میں ملوث تھے۔ لیاری کھڈہ مارکیٹ جکوئی محلہ مدینہ مسجدروڈ پرپولیس سے مقابلے میں 3 ملزمان مارے گئے، ملزمان کے قبضے سے3 پستول برآمد کرلی گئیں، ملزمان کی شناخت 32 سالہ عبد الرحمٰن عرف لمبا،18 سالہ سبحان عرف گرینیڈ اور 19 سالہ علی شان کے نام سے کرلی گئی،ملزمان لیاری شاہ بیگ لائن کے رہائشی اور عذیر بلوچ کے کمانڈر شیراز کامریڈ گروپ میں عمران لاسی کے کارندے تھے، 2 ملزمان سمیر اورنبیل فائرنگ کرتے ہوئے فرارہوگئے، ہلاک کیے جانے والے ملزمان بغدادی اور کلری تھانے کی پولیس کو قتل، اقدام قتل، پولیس مقابلہ، اغوا برائے تاوان سمیت دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔

سہراب گوٹھ انڈس پلازہ کے قریب رینجرزنے ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب مقابلے میں 24 سالہ ملزم کوہلاک کرکے اس کے قبضے سے ایک پستول برآمدکر لی ،ایک ملزم فرار ہوگیا۔رینجرز ترجمان نے رابطہ کرنے پر واقعے کی تردید کی اور بتایا کہ رینجرزنے انڈس پلازہ میں کوئی چھاپہ نہیں مارا اور نہ ہی مقابلے کے دوران کوئی ملزم ہلاک ہوا۔پولیس نے قانونی کارروائی کے بعدلاش شناخت کیلیے ایدھی سرد خانے میں رکھوادی۔ سہراب گوٹھ پولیس کی جانب سے ایک شخص کی لاش رکھوائے جانے کی تصدیق کی گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |