بنگلادیش نے انگلینڈ کو شکست دیکر ورلڈ کپ کی دوڑ سے باہر کردیا

بنگلادیش کے 275 رنز کے جواب میں انگلش ٹیم 260 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔


ویب ڈیسک March 09, 2015
بنگلادیش کی جانب سے روبیل حسین نے 4 جب کہ مشرفی مرتضی اور تسکین احمد نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ فوٹو: اے ایف پی

آئی سی سی ورلڈ کپ کے اہم گروپ میچ میں بنگلادیش نے دلچسپ مقابلے کے بعد انگلینڈ کو 15 رنز سے شکست دے کر ورلڈ کپ کی دوڑ سے باہر کردیا۔

آسٹریلیا کے شہر ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش نے مشکلات کے باوجود محمد اللہ کی سنچری کی بدولت انگلینڈ کو جیت کے لئے 276 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں انگلش ٹیم 260 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ وکٹ کیپر بلے باز جوز بٹلر 65 اور این بیل 63 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں معین علی 19،الیکس ہیلز 27 ،جوائے روٹ 29،اسٹارٹ براڈ 9 جب کہ کپتان این مورگن، جیمز ٹیلر اور کرس جورڈن بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔ بنگلادیش کی جانب سے روبیل حسین نے 4 جبکہ مشرفی مرتضی اور تسکین احمد نے 2،2 وکٹیں حاصل کی۔

انگلش کپتان ایون مورگن نے ٹاس جیت کر بنگلا دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو صرف 8 کے مجموعی اسکور پر تمیم اقبال اور امرالقیس 2،2 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے تھے جس کے بعد سومیا سرکار اور محمد اللہ نے ذمہ دارانہ انداز میں اننگز کو آگے بڑھاتے ہوئے تیسری وکٹ پر 86 رنز کی شراکت قائم کی اور 94 کے مجموعے پر سومیا سرکار 40 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جب کہ آل راؤنڈ شکیب الحسن بھی 2 رنز بنا سکے۔ وکٹ کیپر بلے باز مشفق الرحیم اور محمد اللہ نے پانچویں وکٹ پر ذمہ دارانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 141 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 240 رنز تک پہنچایا تو محمد اللہ 103 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے جب کہ بنگلادیشی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 275 رنز بنائے جب کہ مشفق الرحیم 89، شبیر الرحمان 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔انگلینڈ کی جانب سے جیمس انڈریسن اور کرس جورڈن نے 2،2 جب کہ اسٹارٹ براڈ اور معین علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر محمد اللہ کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔

بنگلادیش سے شکست کے بعد گروپ "اے" کی بڑی سمجھی جانے والی انگلش ٹیم ورلڈ کپ کی دوڑ سے باہر ہوگئی جب کہ اپنے گروپ میں اسے 2 پوائنٹس حاصل ہیں اور بنگلادیشی ٹیم 7 پوائنٹس حاصل کرنے کے بعد کوارٹرفائنل میں پہنچ گئی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں