سورج کی روشنی سے چلنے والا جہاز دنیا کے گرد چکر لگانے کے مشن پر روانہ

’’سولر امپلس ٹو‘‘ نامی جہاز آئندہ 5 ماہ کے دوران مختلف براعظموں سے ہوتا ہوا دنیا کے گرد اپنا چکر مکمل کرے گا


ویب ڈیسک March 09, 2015
ابوظہبی سے اڑان بھرنے والے"سولرامپلس ٹو" جہازکوسوئٹزرلینڈ کے 2 پائلٹ اڑائیں گے، فوٹو: اے ایف پی

سورج کی روشنی سے چلنے والے ایک اور ہوائی جہاز نے دنیا کے گرد چکر لگانے کے مشن پر ابوظہبی سے پروان بھر لی۔

''سولر امپلس ٹو'' نامی شمسی توانائی سے چلنے والا جہاز آئندہ 5 ماہ کے دوران مختلف براعظموں سے ہوتا ہوا دنیا کے گرد اپنا چکر مکمل کرے گا، سورج کی روشنی سے اڑان بھرنے والے اس جہاز کے پروں کی لمبائی 72 میٹر اور وزن 2.3 ٹن ہے جب کہ اسے اڑانے کے لئے پائلٹ کے لئے ایک نشست رکھی گئی ہے۔ شمسی توانائی حاصل کرنے کے لیے جہاز کے پروں پر 17 ہزار سولر سیلز نصب ہیں اور توانائی کو جمع کرنے کے لیے لیتھیئم بیٹریاں بھی ہیں، جس کی مدد سے جہاز رات کو بھی پرواز کرسکے گا۔

ابوظہبی سے اڑان بھرنے والے سولر امپلس ٹو جہاز کو سوئٹزرلینڈ کے 2 پائلٹ آندرے بوریش برگ اور برتروں پیکارڈ وقفے وقفے سے اڑائیں گے اور پرواز کے دوران جہاز کو مختلف شہروں میں اتارا جائے گا تاکہ اڑان کے دوران جہاز میں کسی بھی قسم کی خرابی کو ٹھیک کیا جاسکے، بحرالکاہل اور بحر اوقیانوس کو عبور کرنے کے لیے رات کے وقت پرواز انتہائی اہم ہوگی کیونکہ اس کی اوسط رفتار 72 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے جب کہ پائلٹ کو سونے کے لئے صرف 20 منٹ کا وقت دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ سورج کی روشنی سے چلنے والے پہلے جہازسولر امپلس ون نے امریکا کے گرد کامیاب چکر لگایا تھا جس کے بعد سولر امپلس 2 جہاز تیار کیا گیا ہے جو دنیا کے گرد چکر لگائے گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں