کراچی میں کالعدم تحریک طالبان کا مقامی امیراور اس کا نائب مقابلے میں ہلاک

کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ اور رینجرز کی کارروائیوں میں 4 دہشت گرد ہلاک اور 8 کو گرفتار کرلیا گیا


ویب ڈیسک March 09, 2015
طارق خان عرف چھوٹا عابد کالعدم تحریک طالبان کراچی سجنا گروپ کا امیر اور رحمان الدین عرف لالہ نائب امیر تھا، فوٹو : فائل

شہر میں پولیس اور رینجرز کی کارروائی میں کالعدم تحریک طالبان کے مقامی امیر اور اس کے نائب سمیت 4 دہشت گرد ہلاک جب کہ 8 کو گرفتار کرلیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق رینجرز نے کراچی کے علاقہ سرجانی ٹاؤن سیکٹر 10 میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا تو علاقے میں موجود دہشت گردوں نے فائرنگ کردی جس کےبعد رینجرز کی جوابی کارروائی میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جن کی شناخت طارق خان عرف چھوٹا عابد، رحمان الدین عرف لالہ،امجد خان اور سردار رب خان کے نام سے ہوئی۔ سرجانی میں دہشت گردوں سے مقابلے میں 2 رینجرز اہلکار بھی زخمی ہوئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق طارق خان عرف چھوٹا عابد کالعدم تحریک طالبان کراچی سجنا گروپ کا امیر اور رحمان الدین عرف لالہ نائب امیر تھا جب کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے خودکش جیکٹس سمیت دیگر اسلحہ اور سامان برآمد کیا گیا ہے۔

دوسری جانب پولیس کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے کراچی کے علاقے اتحاد ٹاؤن میں کارروائی کرکے کالعدم تنظیم کے 8 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ انچارج سی ٹی ڈی علی رضا کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سواتی گروپ سے ہے اور دہشت گردوں نے وزیرستان سے تربیت حاصل کی جب کہ ملزمان دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں بھی ملوث ہیں اور ان کے قبضے سے بارود سے بھری 2 موٹرسائیکلیں، 50 کلو دھماکا خیز مواد اور بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں