اپوزیشن جماعتوں نے پیپلزپارٹی کے رہنما رضا ربانی کو چیرمین سینیٹ نامزد کردیا
حزب اختلاف کی جماعتوں نے پیپلزپارٹی کے رہنما رضا ربانی کو چیرمین سینیٹ کے لیے نامزد کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق زرداری ہاؤس اسلام آباد میں اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس ہوا جس میں سابق صدر آصف علی زرداری، مولانا فضل الرحمان، چوہدری شجاعت حسین، ڈاکٹر فاروق ستار، اسفند یار علی اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے شرکت کی جب کہ اس موقع پر اپوزیشن جماعتوں نے پیپلزپارٹی کے رہنما رضا ربانی کو سینیٹ کا چیرمین نامزد کرنے کا فیصلہ کیا۔
اجلاس کےبعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں نے اتفاق رائے سے چیرمین سینیٹ کے لیے رضا ربانی کو نامزد کیا ہے اور ڈپٹی چیرمین شپ کا عہدہ بلوچستان کے لیے چھوڑا گیا ہے جس کا فیصلہ بلوچستان کے دوست خود کریں گے جب کہ مولانا فضل الرحمان پارٹی مشاورت کے بعد کل اپنا لائحہ عمل بتائیں گے۔ ایم کیوایم کے رہنما ڈاکٹر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ رضا ربانی کی نامزدگی اتفاق رائے سے کی گئی ہے اور آئندہ ہر قانون سازی میں یہ اتحاد قائم رکھنا ہوگا۔
اس موقع پر پیپلزپارٹی کے رہنما اور چیرمین سینیٹ کے لیے نامزد امیدوار رضا ربانی کا کہنا تھا کہ ایوانِ بالا کی چیرمین شپ کے لیے اعتماد پر پارٹی کے شریک چیرمین آصف زرداری سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں کا شکر گزار ہوں اور کوشش کروں گا کہ سب کے اعتماد پر پورا اتروں۔