پریزیڈنٹ ٹرافی سوئی ناردرن نے واپڈا کو 3 وکٹ سے زیر کرلیا

کے آر ایل نے زرعی ترقیاتی بینک کو اننگز اور117 رنز سے ہرایا، نیشنل بینک کے خلاف ایچ بی ایل 5 وکٹ سے کامیاب


Sports Reporter October 07, 2012
کے آر ایل نے زرعی ترقیاتی بینک کو اننگز اور117 رنز سے ہرایا، نیشنل بینک کے خلاف ایچ بی ایل 5 وکٹ سے کامیاب۔ فوٹو : فائل

KARACHI: پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کرکٹ ٹورنامنٹ کے پہلے رائونڈ میں کے آر ایل نے زرعی ترقیاتی بینک کو اننگز اور117 رنز سے شکست دیدی۔

سوئی ناردرن گیس نے واپڈا کے خلاف3 اور حبیب بینک نے نیشنل بینک کے خلاف 5 وکٹ سے کامیابی حاصل کی، پی آئی اے اور اسٹیٹ بینک کا میچ ڈرا ہوگیا جبکہ یو بی ایل اور پورٹ قاسم کا میچ بھی نتیجہ خیز ثابت نہ ہو سکا۔ جناح اسٹیڈیم میں زرعی ترقیاتی بینک کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے 302 رنز کی ضرورت تھی تاہم فالوآن کے بعد پوری ٹیم 185 پر ڈھیر ہوگئی، ذوہیب خان نے50 اور آفاق رحیم نے 39 رنز بنائے، نیر عباس نے 75 رنز دے کر5کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، سعید انورجونیئر نے 38 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں، اقبال اسٹیڈیم میں واپڈا کی ٹیم دوسری اننگز میں 180 رنز بناکرآئوٹ ہوئی۔

سوئی ناردرن گیس نے114 رنز کا ہدف7 وکٹ پر حاصل کرلیا، توفیق عمر نے 32 رنزبنائے، جنید خان نے 41 رنز دے کر4اور ذوالفقار بابر نے 32 رنز کے عوض3 وکٹیں حاصل کیں۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں نیشنل بینک کی ٹیم دوسری اننگز میں 184 رنز پر آئوٹ ہوگئی، بلال منیر نے39 اور عقیل انجم نے34 رنز بنائے، اسلم قریشی نے 32 رنز دے کر4کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، سرمد انوراور احسان عادل نے2،2 وکٹیں حاصل کیں، حبیب بینک نے185رنز کا ہدف5 وکٹ پر حاصل کرلیا، کامران حسین نے ناقابل شکست 50، رمیز عزیز نے ناٹ آئوٹ 46 اور حسن رضا نے 41 رنز بنائے، عمران خان نے 48 رنز کے عوض 3 وکٹیں اپنے نام کیں۔ نیشنل اسٹیڈیم میں پی آئی اے نے دوسری اننگز 4 وکٹ پر 261 رنز بناکر ڈیکلیئرڈ کردی، سرفراز احمد نے ناقابل شکست 66 اورفہد اقبال نے ناٹ آئوٹ 57 رنز بنائے، آغا صابر کا اسکور 59 رہا۔

اسٹیٹ بینک کو 244 رنز کا ہدف ملا تاہم کھیل ختم ہونے تک2 وکٹ پر92 رنز بنائے، عثمان ارشد 53 اور رمیز راجہ 22رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔ این بی پی اسٹیڈیم میں یو بی ایل نے دوسری اننگز225 رنز 8 وکٹ پر ڈیکلیئرڈ کردی، عمران علی نے50 اور سعد سرخیل نے39 رنز بنائے،اعظم حسین نے63 رنز دے کر5کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، پورٹ قاسم کو میچ جیتنے کے لیے311 رنز کا ٹارگٹ ملا تاہم کھیل ختم ہونے تک6 وکٹ پر 232رنزاسکور کیے، عمر امین نے71 اور دانیال احسن نے56رنز اسکور کیے، کاشف بھٹی نے 105 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں