ورلڈکپ میں آئرش آنکھیں بڑے خوابوں سے جگمگانے لگیں

آئرش پلیئرزکوارٹرفائنل میں رسائی کیلیے بھارتی دیواربھی مسمارکرنے کیلیے پُرعزم

آئرش پلیئرزکوارٹرفائنل میں رسائی کیلیے بھارتی دیواربھی مسمارکرنے کیلیے پُرعزم۔ فوٹو : فائل

ورلڈ کپ کے پول بی میں بھارت اور آئرلینڈ کے درمیان مقابلہ ہوگا جس میں آئرش آنکھیں بڑے خوابوں سے جگمگانے لگیں۔

 


تفصیلات کے مطابق آئرلینڈ تاریخ میں پہلی بار ورلڈ کپ کا کوارٹر فائنل کھیلنے کیلیے ایک فتح دور ہے، پلیئرز بھارت کو زیر کرنے کیلیے پُراعتماد دکھائی دیتے ہیں۔ ٹیم نے اب تک اپنے 4 میں سے 3 میچز میں کامیابی حاصل کرکے 6 پوائنٹس حاصل کیے،اس دوران 2 فل ممبرسائیڈز ویسٹ انڈیز اور زمبابوے کو شکست دی، اسکواڈ اتوار کو ایڈیلیڈ سے یہاں پہنچا اور پیر کو ٹریننگ کی۔اگرچہ آخری لمحات تک پلیئنگ الیون کو حتمی شکل نہیں دی تھی لیکن کسی بھی تبدیلی کا امکان کم ہے، 2اسپنرز کے ساتھ میدان میں اترنے کی صورت میں میک برائن کو کھلایا جاسکتا ہے۔

کپتان پورٹر فیلڈ اپنی ٹیم سے جڑے ایسوسی ایٹ کے ٹیگ سے اب چڑنے لگے ہیں، وہ اس کی وجہ سے ایونٹ میں خود کو دوسرے درجے کا شہری خیال کررہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ہم نے بہترین کارکردگی پیش کی لیکن پھر بھی وہ توجہ نہیں مل رہی جو بڑی ٹیموں کو دی جارہی ہے۔ ہماری ٹیم کافی پُرجوش اور بھارت کیخلاف فتح سے کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے کیلیے پُرعزم ہے۔ دوسری جانب بھارت ابھی تک ایونٹ میں ایک بھی میچ نہیں ہارا، آئرش سائیڈ کیخلاف فتح حاصل کرکے وہ آفیشل طور پر پول بی کی ٹاپ ٹیم بن جائیگی، یوں کوارٹر فائنل میں اس کا سامنا پول اے کی چوتھے نمبر کی سائیڈ سے ہوگا۔ اب تک آسٹریلیا میں چار میچز کھیلنے کے بعد بھارتی ٹیم پہلی بار نیوزی لینڈ میں کھیلے گی، وینیو کی شارٹ بائونڈریز تشویش کا باعث ہیں، دھونی نے کہاکہ ہمارا ایسی چیزوں پر اختیار نہیں، بولنگ اٹیک بہترین اور ہم فتح کیلیے پُرعزم ہیں۔
Load Next Story