نادرا کا فیصلہ ہمارے آیا تو مان لیں گے ورنہ سڑکوں پر نکلیں گے عمران خان

سینیٹ انتخابات میں ارکان کے ضمیر خریدنے کے لیے بولیاں لگائی گئیں، سربراہ تحریک انصاف

آصف زرداری بھی قوم کو بتائیں کہ 20 سال میں وہ کیسے اربوں ڈالرز کے مالک بن گئے، عمران خان۔ فوٹو: فائل

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت جوڈیشل کمیشن کے حوالے سے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہی عوام تیار رہے این اے 122کے فیصلے کے بعد سڑکوں پر آنے کا فیصلہ کریں گے۔

تحریک انصاف پنجاب کے زیراہتمام ایوان اقبال میں خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ایک ماہ میں ثابت ہو گا کہ عام انتخابات میں کتنا بڑا فراڈ ہوا، آزادی بس لے کر لاہور آؤں گا، لاہور اور پاکستان کی سڑکوں پر نکلیں گے اور انصاف ملنے تک واپس نہیں جائیں گے، انگوٹھوں کی تصدیق کے حوالے سے اگر نادرا نے ہمارے خلاف فیصلہ کیا تو تسلیم کر لیں گے، سینیٹ انتخابات میں ارکان کے ضمیر خریدنے کے لیے بولیاں لگائی گئیں، ایک ایک رکن کو4،4کروڑ کی پیشکش کی گئی مگر خیبرپختونخوا میں ارکان نے اپنا ضمیر نہیں بیچا، دونوں بڑی جماعتوں نے اقتدار میں آنے کے لیے باریاں لگائی ہوئی ہیں۔


تحریک انصاف اب کسی صورت دھاندلی برداشت نہیں کرے گی، خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے کرائیں گے، پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا اعلان ہو گا تو حصہ لینے کا سوچیں گے، اگر خواتین عظیم بننا چاہتی ہیں تو جہدوجہد کریں اور اپنے حقوق کے لیے کھڑی ہوں، میں اور میری جماعت ہر دم آپ کا ساتھ دیں گے۔ انھوں نے کہاکہ سینیٹ کے انتخابات میں ارکان اسمبلی کے ضمیر خریدنے کے لیے 2کروڑ اور 4کروڑ کی بولیاں لگیں، خیبرپختون خوا کے 80 فیصد ارکان نے کبھی کروڑ روپے کی شکل بھی نہیں دیکھی لیکن انھوں نے اپنی بولی نہیں لگوائی۔

انھوں نے کہاکہ ملک میں جمہوریت ہے تو پھر نواز شر یف کو بتانا ہو گا کہ چند سال پہلے ان کے بیٹے کے پاس لندن میں کچھ نہیں تھا آج ان کے پاس 100ارب کی جائیداد کہاں سے آگئی، آصف زرداری بھی قوم کو بتائیں کہ 20 سال میں وہ کیسے اربوں ڈالرز کے مالک بن گئے ان کے پاس سوئس بینکوں میں پڑے60 ملین کہاں سے آئے اور سر ے محل کیسے خریدا، اسحاق ڈار بھی قوم کو بتائیں کہ ان کے بیٹوں کے پاس دبئی میں اربوں روپے کہاں سے آئے ہیں۔

انھوں نے الیکشن میں دھاندلی کے خلاف آخری فیز کے تحت دوبارہ سڑ کوں پر آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ میں ایک ماہ بعد این اے 122کا نادرا سے رزلٹ لے کر '' آزادی بس '' پر لاہور آئوں گا کیونکہ نادرا کی رپورٹ سے دھاندلی اور فراڈ کی تصدیق ہو جائے گی۔عمران خان نے آرمی پبلک اسکول پشاور کی شہید پرنسپل طاہرہ قاضی، لیڈی ٹیچر سامعہ زریں اور پی ٹی آئی کی شہید رہنما زہرا شاہد کو خراج تحسین پیش کیا۔
Load Next Story