وزیراعظم نے چیرمین سینیٹ کیلئے رضا ربانی کے نام کی حمایت کردی

پیسے دے کر سینیٹر منتخب ہونا افسوسناک ہے اوراب وقت آگیا ہے کہ ماضی کی ناپسندیدہ روایت کو ترک کردینا چاہیئے، وزیراعظم

اپوزیشن کے چیئرمین سینیٹ کے لئے نامزد امیدوار پر کوئی اعتراض نہیں، وزیراعظم فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ حکومت چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے عہدے کے لئے اپنے امیدوار لانا نہیں چاہتی تاہم حکومت کو اپوزیشن کی جانب سے نامزد کردہ امیدوار پر کوئی اعتراض نہیں۔

وزیراعظم ہاؤس میں سیاسی قائدین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات میں پیسے کا کھیل ختم ہوجانا چاہیئے، پیسے دے کر سینیٹر منتخب ہونا افسوسناک ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ ماضی کی ناپسندیدہ روایت کو ترک کردینا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے رضا ربانی کو چیئرمین سینیٹ کو نامزد کیا گیا جس پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں لیکن چاہتے تھے کہ تمام جماعتوں کے اتفاق رائے سے چیئرمین سینیٹ کو نامزد کیا جائے۔


وزیراعظم کی جانب سے ظہرانے کی دعوت میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ، سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف،جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار، روف صدیقی اور خالد مقبول صدیقی نے شرکت کی جب کہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی، اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی،حاصل بزنجو، غلام احمد بلور، خواجہ سعد رفیق، اسحاق ڈار، مولانا عبدالغفور حیدری اور مظفر علی شاہ سمیت دیگر نے شرکت کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی صدارت میں اتحادی جماعتوں کے اجلاس کے دوران چیئرمین سینیٹ کے عہدے کے لئے رضا ربانی کو نامزد کیا گیا تھا۔
https://www.dailymotion.com/video/x2j4wie_pm-nawaz-sharif_news
Load Next Story