الطاف حسین کا آصف زرداری کوفون رضا ربانی کی یقینی کامیابی پر مبارک باد

سیاسی ومذہبی جماعتیں سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ملک کی ترقی وخوشحالی کیلئے بھرپور کردار ادا کریں، الطاف حسین

الطاف حسین اور آصف زرداری نے صوبے کی ترقی کے لئے مل جل کر کام کرنے پر بھی اتفاق کیا فوٹو:فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین آصف زرداری سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے چیرمین سینیٹ کے لئے اپوزیشن جماعتوں کے امیدوار رضا ربانی کی یقینی کامیابی پر مبارک باد پیش کی۔


الطاف حسین نے آصف زرداری سے ٹیلی فونک گفتگو میں وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے سینیٹ چیرمین کے لئے اپوزیشن کے متفقہ امیدوار رضا ربانی کی حمایت کے اعلان کو خوش آئند قراردیتے ہوئے ان کی یقینی کامیابی پر مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ سیاسی ومذہبی جماعتیں سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ملک کی ترقی وخوشحالی اور عوام کی فلاح وبہبود کے لئے بھرپور کردار ادا کریں۔

اس موقع پر آصف زرداری نے کہا کہ تمام جماعتوں کے باہمی تعاون اور دعاؤں کی بدولت اللہ تعالیٰ نے ہمیں اس معاملے میں سرخرو کیا جب کہ یہ ایم کیو ایم سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں اور ملک بھر کے عوام کی کامیابی ہے جس پر ہم اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں، دوران گفتگو دونوں رہنماؤں کے درمیان صوبے کی ترقی اور عوام کی فلاح کے لئے مل جل کر کام کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
Load Next Story