فٹنس مسائل نے سری لنکا کو بُری طرح لپیٹ میں لے لیا

آج اسکاٹش بچوں پر ہاتھ صاف کرنے کیلیے فٹ الیون میدان میں اتارنا مشکل ہوگیا


Sports Desk/AFP March 11, 2015
لسیتھ مالنگا کا سامنا کرنے کیلیے اسکاٹش کوچ نے بیٹسمینوں کوخصوصی ٹریننگ کرائی ۔ فوٹو : اے ایف پی

ورلڈ کپ کے پول اے میں سری لنکا اور اسکاٹ لینڈ کی ٹیمیں بدھ کو ہوبارٹ میں مدمقابل ہوں گی تاہم فٹنس مسائل نے آئی لینڈرز کو بُری طرح لپیٹ میں لے لیا ہے۔

 

تفصیلات کے مطابق پول اے سے چاروں کوارٹر فائنلسٹ ٹیموں کا فیصلہ ہوچکا ہے، اس لیے بدھ کو اسکاٹ لینڈ سے میچ آئی لینڈرز کیلیے رسمی کارروائی سے زیادہ اہمیت نہیں رکھتا، البتہ وہ کسی بھی صورت حریف کو ڈھیل دینے کیلیے تیار نہیں ہیں تاہم اس وقت انجری مسائل نے سری لنکن ٹیم کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے۔

جیون مینڈس اور ڈیموتھ کرونا رتنے وطن واپس لوٹ چکے ہیں، دنیش چندیمل ہیمسٹرنگ انجری کی وجہ سے میدان میں اترنے کے قابل نہیں رہے، رنگا ہیراتھ بھی زخمی ہیں، بحالی فٹنس کے بعد ٹیم میں واپس لوٹنے والے لسیتھ مالنگا آہستہ آہستہ ردھم میں آرہے ہیں، اگرچہ اب بھی ان کی بہت کم گیندیں 140 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کو چھوتی ہیں تاہم انھوں نے اپنے ٹریڈ مارک یارکر کرنا شروع کردیے ہیں۔ کوچ مرون اتاپتو نے کہاکہ ہمیں اختتامی اوورز میں حریف سائیڈز کے رنز کی رفتار کو قابو کرنے کی اشد ضرورت ہے، اگرچہ باقی ٹیموں کیلیے بھی ڈیتھ بولنگ مسئلہ بن چکی مگر اس کا سدباب ضروری ہے۔

دوسری جانب اسکاٹ لینڈ کا تیسرا ورلڈ کپ بھی اختتام پذیر مگر فتح کی تلاش بدستور جاری ہے، کپتان پیٹر مومسین نے کہاکہ ہم کامیابی کیلیے جان لڑا دینگے، ٹیم ابھی تک اپنی پوری صلاحیتوں کا مظاہرہ ہی نہیں کرپائی، اگر ہم نے اپنے 100 فیصد کھیل کا مظاہرہ کیا تو بڑی ٹیم کو بھی زیر کرنا مشکل نہیں ہے۔ گذشتہ روز بیٹنگ کوچ پال کولنگ ووڈ نے نیٹ پریکٹس کے دوران بیٹسمینوں کو مالنگا کے انداز میں گیندیں پھینک کر ٹریننگ کرائی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں