عوام اپنے جذبات قابو میں رکھیں اور پرامن رہیں الطاف حسین

نائن زیرو اور کارکنوں کے گھروں پر تلاشی کے نام پر دہشت گردی کےعمل کوفی الفور رکوایا جائے، قائد ایم کیو ایم


ویب ڈیسک March 11, 2015
نائن زیرو اورکارکنوں کے گھروں پر تلاشی کے نام پر دہشت گردی کو رکوایا جائے۔ الطاف حسین فوٹو: فائل

لاہور: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ نائن زیرو اوراس کے اطراف چھاپے اور بے گناہ کارکنوں کی گرفتاریاں قابل مذمت ہیں تاہم عوام سے اپیل ہے کہ وہ اپنے جذبات قابومیں رکھیں اور پرامن رہیں۔

ایم کیو ایم کی جانب جاری اعلامیے کے مطابق رینجرز نے نائن زیرو کے قریب رہائش پذیر متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی بڑی ہمشیرہ سائرہ بیگم کے گھر پر بھی چھاپہ مارا اور تلاشی کے نام پر توڑپھوڑ کی۔ سائرہ اسلم کئی امراض میں مبتلا اور نائن زیرو کے قریب ایک مکان میں بیوگی کی زندگی گزار رہی ہیں۔ الطاف حسین نے نائن زیرو اوراس کے اطراف میں گھروں پر چھاپوں، تلاشی اوربے گناہ کارکنوں و ذمہ داروں کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے سراسرظلم قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رینجرز کے اعلیٰ حکام کو یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ ان کی بھی ماں بہنیں ہیں، اگر خدانخواستہ سائرہ اسلم کو کچھ ہوا تواس کی تمام ترذمہ داری رینجرز پر عائد ہوگی۔

الطاف حسین نے کہا کہ نائن زیرو، ان کی ہمشیرہ اوردیگر کارکنوں کے گھروں پر تلاشی کے نام پر دہشت گردی کے عمل کوفی الفور رکوایا جائے۔ جہاں تک رینجرز کے الزامات کا تعلق ہے تو اس کے بارے میں تمام تر تفصیلات سے جلد ہی آگاہ کیا جائے گا۔ الطاف حسین نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے جذبات قابو میں رکھیں اور پرامن رہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں