رینجرزنے جس اسلحے کی برآمدگی کا دعویٰ کیا وہ لائسنس یافتہ ہے فیصل سبزواری

نائن زیرو سے ملنے والے تمام اسلحے کی منظوری وفاقی اور صوبائی حکومت کی جانب سے دی گئی ہے، رینما ایم کیو ایم


ویب ڈیسک March 11, 2015
رینجرز کی فائرنگ سے جاں بحق کارکن وقاص شاہ کا جنازہ آج نہیں اٹھایا جائے گا، فیصل سبزواری فوٹو: فائل

KARACHI: متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فیصل سبزواری کا کہنا ہے کہ رینجرز نے نائن زیرو سے جس اسلحے کی برآمدگی کا دعویٰ کیا ہے وہ تمام کا تمام لائسنس یافتہ ہے۔

ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ متحدہ قومی موومنٹ پاک دہشت گردوں کے خلاف فوج کے ساتھ کھڑی ہے، دہشت گردوں کی جانب سے ایم کیو ایم کے انتخابی جلسوں اور دیگر تقاریب پر حملے کئے گئے جس کے بعد ایم کیو ایم کے مرکز کے اطراف رکاوٹیں کھڑی کی گئیں۔ ایم کیو ایم کے مرکز سے جس اسلحے کی برآمدگی کا دعویٰ کیا گیا ہے وہ تمام کا تمام لائسنس یافتہ ہے اس کی منظوری وفاقی اور صوبائی حکومت کی جانب سے دی گئی ہے۔

ایم کیو ایم کے رہنما کا کہنا تھا کہ رینجرز نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ان کی جماعت نے اس کارروائی میں ان کے ساتھ مکمل تعاون کیا۔ رینجرز کے اہلکاروں نے کارروائی کے دوران کسی خاتون کا ہاتھ توڑ دیا تو کسی پر ڈنڈے برسائے۔ ہمارے درجنوں کارکنوں کو حراست میں لیا گیا ہے، اگر کسی پر الزامات ہیں تو عدالتوں میں پیش کیا جائے، ہمارے کارکنوں کے خلاف مقدمات زیر التوا رہتے ہیں، کیا ایم کیو ایم کے کارکن انسان نہیں، اس پر عدالتیں کیوں خاموش ہیں۔ معصوم لوگوں کا خون جمہوریت کا خون ہے، رینجرز کی فائرنگ سے جاں بحق کارکن وقاص شاہ کا جنازہ آج نہیں اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے وزیر اعظم نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کو سڑک نہیں یہاں بسنے والے لوگ چاہئیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں