نائن زیرو پر رینجرز کی کارروائی کے بعد الطاف حسین اور آصف زرداری کے درمیان رابطہ

نائن زیرو پر چھاپہ قابل افسوس ہے سیاسی جماعتوں کے دفاتر کے تقدس کا احترام ہر ایک کو کرنا چاہئے، سابق صدر آصف زرداری

ایم کیو ایم قیام امن کے لیے کوشاں ہے تاہم جس طرح چھاپہ مارا وہ قابل مذمت ہے، الطاف حسین، فوٹو:فائل

ISLAMABAD:
ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین اور آصف زرداری کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں سابق صدر نے ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو پر رینجرز کےچھاپے اور گرفتاریوں پر افسوس کا اظہار کیا۔

ایم کیو ایم کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق الطاف حسین نے آصف زرداری سے ٹیلی فونک گفتگو میں انہیں اپنی رہائش گاہ سمیت ایم کیو ایم کے مرکزی دفتر نائن زیرو کے مختلف شعبہ جات اور اپنی ہمشیرہ سائرہ اسلم کے گھر پر رینجرز کے چھاپے، توڑ پھوڑ، رابطہ کمیٹی کے ارکان اور کارکنوں کی گرفتاریوں اور اہلکاروں کی فائرنگ سے جواں سال کارکن وقاص شاہ کی شہادت کے واقعے کی تفصیلات سے آگاہ کیا جب کہ اس موقع پر الطاف حسین کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم قیام امن کے لیے کوشاں ہے اور آج اس کے مرکز پر جس طرح چھاپہ مار کر عہدیداروں اور کارکنوں کو گرفتار کیا گیا اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔


الطاف حسین سے گفتگو میں آصف زرداری کا کہنا تھا کہ نائن زیرو پر رینجرز کا چھاپہ قابل افسوس ہے، سیاسی جماعتوں کے دفاتر کے تقدس کا احترام ہر ایک کو کرنا چاہئے جب کہ ایم کیو ایم ملک کی بڑی عوامی سیاسی جماعت ہے جو ملک میں جمہوریت کے استحکام کے لیے ایک مثالی کردار ادا کر رہی ہے۔

سابق صدر نے الطاف حسین کو یقین دلایا کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم ہر قسم کے حالات میں جمہوریت کی بقا کے لیے باہمی تعاون اور بہتر تعلقات کو برقرار رکھیں گی۔
Load Next Story