پروٹیز پاکستانی تارکین وطن پر غصہ نکالنے کے خواہاں

کپتان ابراہم ڈی ویلیئرز نے اپنے کھلاڑیوں پر مستقل مزاجی سے پرفارم کرنے پر زور دیا ہے


Sports Desk/AFP March 12, 2015
یواے ای سے آج مقابلہ،عمران طاہرکے لئےآرام،فلینڈراورڈوپلیسی فٹنس مسائل کا شکار فوٹو: فائل

ورلڈ کپ کے پول بی میں جمعرات کو جنوبی افریقہ اور متحدہ عرب امارات کا مقابلہ ہورہا ہے،پروٹیز گرین شرٹس کا غصہ پاکستانی تارکین وطن پر نکالنے کے خواہاں ہیں، ورنون فلینڈر اور فاف ڈوپلیسی فٹنس مسائل سے دوچار ہوچکے، ان کے بارے میں حتمی فیصلہ میچ سے قبل ہوگا۔

کپتان ابراہم ڈی ویلیئرز نے اپنے کھلاڑیوں پر مستقل مزاجی سے پرفارم کرنے پر زور دیا ہے۔ دوسری جانب یو اے ای بھی ہیوی ویٹ سائیڈ کے خلاف ثابت قدم رہنے کیلیے پُرعزم ہے، کپتان محمد توقیر نے کہاکہ پروٹیز کےخلاف پاکستان کی فتح سے ہمیں بھی کافی حوصلہ ملا۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں مسلسل 2مرتبہ 400 سے زائد کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجانے والی پہلی ٹیم ہے، مگر ٹارگٹ کے تعاقب میں دبائوکا شکار ہونے کی پرانی بیماری پھر سے واپس آ گئی، بھارت کےخلاف ٹیم177اور پاکستان سے میچ میں202رنز پر آئوٹ ہوئی، پھر سے چوکرز کی یادیں تازہ ہونا شروع ہوگئی ہیں۔

بولر ورنون فلینڈر کی فٹنس کے بارے میں حتمی فیصلہ میچ سے قبل ہوگا جبکہ کمر کی تکلیف سے دوچار فاف ڈو پلیسی کی وجہ سے بھی تشویش میں اضافہ ہوگیا۔ جنوبی افریقہ نے اس میچ میں اسپنر عمران طاہر کو آرام دیا ہے۔ کپتان ڈی ویلیئرز نے کہاکہ ہمیں ہدف کے تعاقب میں زیادہ ذمہ داری کا ثبوت دینے کی ضرورت ہے، بھارت اور پاکستان سے شکست کے باوجود ہم اس وقت دنیا کی بہترین ٹیم ہیں۔ دوسری جانب یو اے ای بھی پہلی فتح کا متلاشی ہے۔

اس کے زیادہ تر کھلاڑیوں کا تعلق پاکستان سے ہے، اس لیے گرین شرٹس کی پروٹیز پر فتح سے حوصلے بھی بلند ہوگئے ہیں۔ کپتان محمد توقیر نے کہاکہ گذشتہ میچ میں گرین شرٹس کی کامیابی سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہم بھی اگر پوری صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں تو فتح کو گلے لگا سکتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں