بنگال ٹائیگرز اسپن جال سے کیویزکوگھیرنے کیلیے تیار

ناکامیوں سے دوچار انگلش ٹیم کو نوآموز افغان سائیڈ سے بھی خوف محسوس ہونے لگا


Sports Desk/AFP March 13, 2015
ناکامیوں سے دوچار انگلش ٹیم کو نوآموز افغان سائیڈ سے بھی خوف محسوس ہونے لگا فوٹو: بی سی بی

PESHAWAR: ورلڈ کپ پول بی میں جمعے کو2 میچز کھیلے جائیں گے، ہیملٹن میں میزبان نیوزی لینڈ کا مقابلہ بنگلہ دیش جبکہ سڈنی میں انگلینڈ کا سامنا افغانستان سے ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کوارٹر فائنل میں جگہ بناچکے اس کے باوجود دونوں ہی باہمی مقابلے میں فتح کیلیے بے چین ہیں۔ بنگال ٹائیگرز نے اپنے ملک میں کیویز کے خلاف آخری مکمل ہونے والے 7 میچز میں فتح حاصل کی، مگر اب تک کیوی دیس میں کامیابی نصیب نہیں ہوئی، مگر اس بار وہ یہ کارنامہ انجام دینے کیلیے پُراعتماد ہیں۔ نیوزی لینڈ کی اسپن بولنگ کے خلاف کمزوری سے فائدہ اٹھانے کی کوشش ہوگی۔

دوسری جانب کیویز ابھی تک اپنا کوئی بھی میچ نہیں ہارے، اگر اس بار بھی کامیابی حاصل کرتے ہیں تو پھر یہ پہلا موقع ہوگا جب ناقابل شکست رہتے ہوئے ناک آئوٹ رائونڈ میں پہنچیں گے۔ کین ولیمسن گیسٹرو کے مرض سے نجات پا چکے اور میدان میں اترنے کیلیے تیار ہیں، البتہ ایڈم ملن کندھے کی تکلیف سے دوچار ہیں، اگر وہ کھیلنے کے قابل نہ ہوئے تو ان کی جگہ مچل میکلینگن سنبھالیں گے۔

دوسرے میچ میں انگلینڈ اور افغانستان بھی مد مقابل ہوں گے، دونوں ٹیموں نے ایونٹ میں ایک ایک میچ جیتا ہے، دونوں کے ستم کا نشانہ بننے والی بدقسمت سائیڈ اسکاٹ لینڈ ہی تھی۔ ورلڈ کپ کی دوڑ سے باہر ہونے کے سبب انگلش ٹیم کے حوصلے کافی پست ہوچکے، وہ افغان ٹیم سے ہار کر مزید شرمندگی سے دوچار نہیں ہونا چاہتی۔

انجرڈ معین علی اور کرس ووئکس کی جگہ روی بوپارا اور جیمز ٹریڈ ویل لیں گے، الیکس ہالز سے اوپننگ کرائی جائے گی۔ دوسری جانب افغانستان کو امید ہے کہ وہ بنگلہ دیش کی طرح انگلینڈ کو زیر کرسکتے ہیں، کوچ اینڈی مولزنے کہاکہ مورگن الیون اچھی حالت میں نہیں، ہمارے پاس اسے زیر کرنے کا نادر موقع ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں