پاکستانی سمیت 5 برطانوی مسلمان امریکا کے حوالے

مصری امام مسجد پر امریکی استغاثہ کے11الزامات، پاکستانی نژاد بابر احمد کمپیوٹر ماہر ہے

مصری امام مسجد پر امریکی استغاثہ کے11الزامات، پاکستانی نژاد بابر احمد کمپیوٹر ماہر ہے، فوٹو فائل

برطانیہ کی ہائیکورٹ سے حکم امتناع کی درخواست مسترد ہونے کے بعد مصری امام مسجد ابوحمزہ اور ایک پاکستانی سمیت 5برطانوی مسلمانوں کو امریکا کے حوالے کردیا گیا ہے۔


ایک عشرے سے جاری قانونی جنگ کے بعد بالآخر ابوحمزہ ، خالد الفواز، سید طلحہ احسن، عادل عبدالباری اور بابر احمدکو جیل سے فوجی اڈے پر منتقل کیا گیا جہاں سے انھیں امریکا بھیج دیا گیا ہے۔ آئی این پی کے مطابق ابوحمزہ کی امریکا حوالگی کیخلاف اپیل مسترد ہونے پر لندن میں مظاہرہ بھی کیا گیا ۔ امریکا نے الزام عائد کیا تھا کہ مصر میں پیدا ہونے والا 54 سالہ ابوحمزہ القاعدہ کی مدد کرتا تھا اورامریکا میں عسکریت پسندوں کیلیے تربیتی کیمپ قائم کرنا چاہتا تھا۔

ان افراد میں پاکستانی نژاد بابر احمد بھی ہے جو کمپیوٹر ایکسپرٹ ہے۔ اس پر دہشت گردی پر اکسانے والی ویب سائٹ سے منسلک ہونے کا الزام ہے۔ وہ 2004 سے جیل میں قید تھا۔ برطانوی وزیرداخلہ تھریسا مے نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ مشتبہ افراد کی امریکا حوالگی کے عدالتی فیصلے پر بے حد خوش ہیں کیوں کہ اس فیصلے کے بعد طویل عرصے سے حل طلب معاملہ اپنے انجام تک پہنچ گیا ہے۔ دریں اثنا نیویارک کے ایک جج نے ابوحمزہ کو حراست میں رکھنے کی اجازت دے دی ہے، استغاثہ نے ان پر11 الزامات لگائے ہیں۔ اس موقع پر ابوحمزہ خاموش رہے، ان کو اب منگل کو باضابطہ طور پر عدالت میں پیش کیا جائیگا۔
Load Next Story