ڈھاکہ میں زیرتعمیرفیکٹری کی چھت گرنے سے 7 افراد ہلاک درجنوں زخمی

53زخمیوں کو طبی امداد کے لئے اسپتال لایا گیا جن میں 6 کی حالت تشویشناک ہے،ڈاکٹرز

فیکٹری میں 90 سے زائد ملازمین موجود تھے جن میں 30 سے زائد لاپتہ ہیں، ریسکیو اہلکار۔ فوٹو: فائل

لاہور:
بنگلہ دیش کے دارلحکومت ڈھاکہ میں زیر تعمیر سیمنٹ فیکٹری کی چھت گرنے سے 7 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ درجنوں افراد ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق منگلولا قصبے میں واقع سیمنٹ فیکٹری کی زیرتعمیر چھت اچانک گرگئی جس کے ملبے تلے دب کر 7 افراد موقع پر ہلاک ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں بھاری مشینری کے ساتھ موقع پر پہنچ گئیں جب کہ ملبے سے 7 افراد کی لاشیں اور 53 زخمیوں کو ریسکیو کرتے ہوئے اسپتال منتقل کردیا۔ پولیس کے مطابق فیکٹری میں 90 سے زائد ملازمین موجود تھے جن میں سے 30 کے قریب لاپتہ ہیں جنہیں ملبے سے نکالنے کے لئے ریسکیو آپریشن تیز کردیا گیا ہے۔


دوسری جانب منگولا قصبے کے قریب تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے عملے کو طلب کرلیا گیا جب کہ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ مرکزی اسپتال میں لائے گئے 53 زخمیوں میں سے 6 کی حالت تشویشناک ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 2013میں بھی ڈھاکہ میں گارنمنٹ فیکٹری کی چھت گرنے کا اندوہناک واقعہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں ایک ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے تھے۔
Load Next Story