ذکی الرحمان لکھوی کی رہائی کے عدالتی فیصلے پر بھارت سیخ پا

بھارتی حکام نے ذکی الرحمان لکھوی کی نظربندی ختم ہونے پر پاکستانی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاج کیا

پاکستان اس معاملے کو سنجیدگی سے لے اور یقینی بنائے کہ ذکی الرحمان لکھوی جیل سے باہر نہ آئیں، بھارتی حکام، فوٹو:فائل

ممبئی حملہ کیس کے مبینہ ملزم ذکی الرحمان لکھوی کی پاکستان میں نظر بندی ختم کرنے کے عدالتی فیصلے کے خلاف بھارتی حکام نے پاکستانی ہائی کمشنر کو دفترخارجہ طلب کرکے احتجاج کیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی حکام نے نئی دلی میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کو دفترخارجہ طلب کرکے ان سے ذکی الرحمان لکھوی کی نظر بندی ختم کرنے کے عدالتی فیصلے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے وضاحت طلب کی۔


دوسری جانب بھارتی وزیر مملکت برائے داخلہ امور کرن رجیجو نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ذکی الرحمان لکھوی کے ممبئی حملے میں ملوث ہونے کے ٹھوس ثبوت عدالت میں پیش نہیں کیے جس کی وجہ سے عدالت نے انہیں بری کیا لہٰذا پاکستان اس معاملے کو سنجیدگی سے لے اور یقینی بنائے کہ ذکی الرحمان لکھوی جیل سے باہر نہ آئیں۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ممبئی حملہ کیس کے مبینہ ملزم ذکی الرحمان لکھوی کی اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے ان کی نظر بندی کے حکومتی فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے فوری طور پر رہاکرنے کا حکم دیا ہے۔
Load Next Story