’’قوم کیلیے جیتنا ہوگا‘‘ پلیئرز کو کپتان کا ایس ایم ایس

پاکستان کا مان رکھنا،100فیصدکارکردگی دکھاکر نتیجہ اللہ پر چھوڑ دیں، مصباح کا کھلاڑیوں کو پیغام

پاکستان کا مان رکھنا،100فیصدکارکردگی دکھاکر نتیجہ اللہ پر چھوڑ دیں، مصباح کا کھلاڑیوں کو پیغام۔ فوٹو: فائل

پاکستان کا مان رکھنا، مصباح الحق نے کھلاڑیوں کو موبائل فون پر پیغام جاری کیا ہے کہ ہمیں اپنی قوم کیلیے جیتنا ہوگا، 100فیصد کارکردگی دکھائیں اور نتیجہ اللہ پر چھوڑ دیں۔

تفصیلات کے مطابق کپتان مصباح الحق نے بھی اپنی ٹیم کے حوصلے بڑھانا شروع کردیے ہیں، بولنگ کوچ مشتاق احمد نے ایڈیلیڈ میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ کپتان نے ایک منفرد انداز اختیار کرتے ہوئے موبائل فون کے ذریعے ایک پیغام ہر کھلاڑی کو بھیجا، اس میں کہا گیا ہے کہ ہم پاکستان کیلیے لڑرہے ہیں، ہمیں اپنی قوم کیلیے جیتنا ہے،آئیں سب مل کر اپنی 100فیصد کارکردگی دکھائیں اور نتیجہ اللہ تعالیٰ پر چھوڑ دیں۔ یاد رہے کہ ورلڈکپ 1992میں کپتان عمران خان نے اپنے کھلاڑیوں کو سوئے ہوئے شیر پکارتے ہوئے جاگنے کی نصیحت کی تھی، مصباح الحق نے موبائل کا سہارا لیتے ہوئے ان کا حوصلہ بڑھانا چاہا ہے۔


دوسری جانب آئرلینڈ کو روند کر ورلڈکپ کی جانب اڑان جاری رکھنے کیلیے پاکستان کی بھرپور تیاریاں جاری ہیں، جمعے کو تمام کھلاڑی کوچنگ اسٹاف کی رہنمائی میں پریکٹس سیشن میں صلاحیتیں نکھارنے کیلیے کوشاں رہے، گروئن انجری سے نجات کے بعد عمر اکمل بھی مکمل فٹ دکھائی دیے، انھوں نے فزیکل ٹریننگ کے بعد بیٹنگ پریکٹس میں بھی بھرپور حصہ لیا، حارث سہیل بھی ایڑی کی تکلیف سے نجات پا چکے اور پریکٹس کرتے رہے لیکن ان کی پلیئنگ الیون میں شمولیت کا فیصلہ بڑا اہم ہوگا۔

تجربہ کار یونس خان نے پروٹیز کیخلاف میچ میں فارم کی جھلک دکھا دی تھی، انھیں ڈراپ کرنا آسان فیصلہ نہیں ہوگا، ایسے میں صہیب مقصود کو باہر بیٹھنے پر مجبور کیا جاسکتا ہے، پریکٹس کے دوران فیلڈنگ کوچ اور ٹرینر گرانٹ لیوڈن نے وکٹ کیپر سرفراز احمد کے ساتھ طویل سیشن کیا۔
Load Next Story