بھارت نے مسلسل چھٹی فتح کیلئے زمبابوے کو نشانے پر رکھ لیا

آج دوسرے میچ میں آسٹریلوی پلیئرز کمزورحریف اسکاٹ لینڈ پر ہاتھ صاف کریں گے


Sports Desk March 14, 2015
آج دوسرے میچ میں آسٹریلوی پلیئرز کمزورحریف اسکاٹ لینڈ پر ہاتھ صاف کریں گے فوٹو : اے ایف پی

ISLAMABAD: ناقابل تسخیر بھارت نے ورلڈکپ میں مسلسل چھٹی فتح کیلیے زمبابوے کو نشانے پر رکھ لیا۔

تفصیلات کے مطابق بھارت نے اپنے پانچوں میچز جیت کر پول 'بی ' سے پہلے ہی کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی، اب مسلسل چھٹی کامیابی کا عزم لیے ٹیم زمبابوے سے مقابلہ کرے گی۔ کپتان دھونی نے کہا کہ اگر ہمیں کوئی انجری خدشات نہیں ہوئے تو اپنی بہترین الیون ہی میدان میں اتاریں گے۔

زمبابوین بیٹسمین برینڈن ٹیلر اس مقابلے کے ساتھ ہی بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے۔ وہ ورلڈ کپ کے بعد انگلینڈ منتقل ہورہے ہیں، جہاں ناٹنگھم شائر کائونٹی سے تین برس کا معاہدہ کیا ہے، ایلٹن چگمبرا کے فٹ نہ ہونے کی صورت میں بھارت کیخلاف انھیں ایک مرتبہ پھر ٹیم کی قیادت کرنا ہوگی۔ دوسری جانب پول ' اے ' میں اسکاٹش ٹیم کی آخری آزمائش آسٹریلیا کیخلاف ہوگی، کینگروز کامیابی کی بدولت گروپ میں سری لنکا سے دوسری پوزیشن چھین سکتے ہیں۔

اسپنر زیویئر ڈہورٹی کی جگہ فاسٹ بولر پیٹ کمنز کو میدان میں اتارا جائے گا، کپتان مائیکل کلارک نے خدشات کو رد کرتے ہوئے کہا کہ میں مکمل طور پر فٹ اور ہیمسٹرنگ سرجری کے بعد شیڈول کے مطابق آگے بڑھ رہا ہوں۔ انھوں نے کہا کہ ہم اپنے دیگر بیٹسمینوں کو کریز پر زیادہ وقت گزارنے کا موقع دینے کے پیش نظر بیٹنگ آرڈر میں معمولی تبدیلی کرسکتے ہیں، اسکاٹش ٹیم رچی بیرنگٹن کوکھلانا چاہتی ہے جو سری لنکا سے میچ کے دوران بولنگ کرتے ہوئے انجرڈ ہوگئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں