بحر ہند میں سیکیورٹی کی مضبوط بنیاد ضروری ہے مودی

علاقائی ترقی کیلیے دوسرے ممالک کو بحرہند میں میری ٹائم سیکیورٹی میں تعاون کو مزید فروغ دینا ہوگا، بھارتی وزیراعظم


AFP March 14, 2015
تاملوں کو متحدہ سری لنکا میں مساوات انصاف امن اور وقار کے ساتھ زندگی گزارنے کی اجازت ہونی چاہیے، مودی۔ فوٹو: فائل

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا کہنا ہے کہ بحرہند میں مضبوط بنیادوں پر سیکیورٹی وقت کی ضرورت ہے۔

بھارتی وزیراعظم سری لنکا پہنچے تو بندرانائی کے ایئر پورٹ پر بھارتی وزیراعظم کا استقبال سری لنکن وزیراعظم رانیل وکرما سنگھے، وزیر خارجہ منگلا سمارا ویرا اور دیگر سرکاری حکام نے کیا۔ بعدازاں نریندر مودی نے سری لنکن صدر اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کیں جبکہ سری لنکن پارلیمنٹ سے خطاب بھی کیا۔ سری لنکن پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم نریندرمودی نے کہا کہ علاقائی سلامتی کیلیے بحرہند میں مضبوط سیکیورٹی فاؤنڈیشن ضروری ہے اور ہماری خوشحالی کے لیے ہمارے ممالک اور خطے میں امن کیلیے مضبوط بنیادوں پر سیکیورٹی ہونا ضروری ہے اس کیلیے ہمیں بھارت، سری لنکا اورمالدیپ کے ساتھ ساتھ خطے کے دوسرے ممالک کے ساتھ بحرہند میں میری ٹائم سیکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینا ہوگا۔

مودی نے مزید کہا کہ سری لنکا کے نئے صدر میتھری پالا سری سینا نے سمندری معیشت پر توجہ مرکوزکرنے کیلیے ایک ٹاسک فورس کے قیام پر اتفاق کیا ہے جو دونوں ممالک کے اسٹرٹیجک مفادات کے لیے ضروری ہے۔ اس موقع پر انھوںنے ٹرنکومالی کی بندرگاہ کو پٹرولیم کا علاقائی مرکز بنانے کیلیے بھارت کی طرف سے مدد فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ مودی تاملوں کے مرکز جافنا شہر بھی گئے اور وہاں کے حکام سے ملاقاتیں کی۔

قبل ازیں بھارتی وزیراعظم نے کولمبو میں سری لنکن صدر سے مختصر ملاقات کی۔ اس موقع پر انھوں نے سری لنکاکی نئی حکومت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس علاقے کو زیادہ سے زیادہ خود مختاری دے۔ نریندر مودی کاکہناتھا کہ تاملوں کو متحدہ سری لنکا میں مساوات انصاف امن اور وقار کے ساتھ زندگی گزارنے کی اجازت ہونی چاہیے۔ انھوںنے 1987میں ہونیوالی آئینی ترمیم پر مکمل اور فوری عمل درآمد پر زور دیا جس میں انھیں سیاسی خود مختاری کی ضمانت دی گئی ہے۔ اس موقع پر سری سینا نے تاملوں اور سنہالی اکثریت کے ساتھ نئے سرے سے مفاہمت کا وعدہ کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں