ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری سے موسم خوشگوار

آئندہ 24 گھنٹے کے دوران پنجاب، کشمیر،بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں مزید بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات


ویب ڈیسک March 14, 2015
کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے گرج چمک کے ساتھ ہلکی اور تیز بارش نے جل تھل ایک کردیا

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری نے موسم کو ایک مرتبہ پھر خوشگوار کردیا ہے۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے گرج چمک کے ساتھ ہلکی اور تیز بارش نے جل تھل ایک کردیا۔ صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، کھارا در، ڈیفنس، کورنگی، قیوم آباد، گرومندر، لسبیلہ اورکیماڑی سمیت مختلف علاقوں میں بارش سے سڑکیں تلاب بن گئیں تاہم شہر کی بلدیاتی انتظامیہ کی جانب سے پانی کی نکاسی کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں، کراچی کے علاوہ سندھ کے مختلف ساحلی علاقوں میں بھی گزشتہ رات کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔

بارش برسانے والی ہواؤں نے بلوچستان کے ساحلی علاقوں کے بعد صوبے کے شمالی حصے کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ کوئٹہ، چمن، پشین، قلعہ سیف اللہ، زیارت، ڈھاڈر، نوشکی اور دیگر ملحقہ علاقوں میں مطلع آج بھی ابر آلود ہے اور آسمان پر گہرے بادل چھائے ہوئے ہیں، گزشتہ روز شروع ہونے والا ہلکی بارش کا سلسلہ شام کو تھمنے کے بعد رات گئے دوبارہ شروع ہوا جو اب بھی وقفے وقفے سے جاری ہے۔ زیارت اور گردونواح میں برفباری سے سردی کی شدت ایک مرتبہ پھر بڑھ گئی ہے۔ دو روز تک ہونے والی بارشوں کی وجہ سے ندی نالوں میں آنے والی طغیانی میں بتدریج کمی ہورہی ہے۔ جس کی وجہ سے تربت سے گوادر اور کراچی کا زمینی رابطہ دو دن بعد بحال ہوگیا ہے۔

جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے کے دوران پنجاب، کشمیر،بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں مزید بارش کا امکان ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں