پاکستان کی دفاعی میدان میں ایک اور پیش رفت

ریاست کی بقا و سلامتی کے لیے حربی و دفاعی میدان میں مضبوط ہونا نہایت اہمیت کا حامل ہے ۔


Editorial March 15, 2015
پاک افواج اور ملک کی سلامتی و بقا کے لیے سرگرم ادارے، سائنسدان و انجینئرز اس اہم پیش رفت پر تعریف و تحسین اور مبارک باد کے مستحق ہیں۔ فوٹو : آئی ایس پی آر

KARACHI: ریاست کی بقا و سلامتی کے لیے حربی و دفاعی میدان میں مضبوط ہونا نہایت اہمیت کا حامل ہے اور آج کے عالمی تناظر میں جہاں بیرونی خدشات، مخالف ریاستوں کی شرپسندیوں اور اندرونی و بیرونی طور پر دہشت گرد گروہوں کی کارروائیوں کے نتیجے میں عالمی امن کو شدید خطرات لاحق ہیں ریاست کو اپنے دفاع کے لیے ہر جہت میں کوشش کرنی چاہیے۔

اس سلسلے میں پاکستان نے اپنے دفاعی میدان میں عظیم کامیابی حاصل کرلی ہے۔ جمعہ کو پاکستان نے ملک میں بننے والے مسلح ڈرون 'براق' اور لیزر گائیڈڈ میزائل 'برق' کا کامیاب تجربہ کرلیا۔ آئی ایس پی آر کے سربراہ میجر جنرل عاصم باجوہ نے ٹوئٹر پر جاری کردہ پیغام میں کامیاب تجربے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ڈرون کے ذریعے داغے گئے لیزر گائیڈڈ میزائل نے کامیابی سے اپنے ہدف کو نشانہ بنایا ہے۔ تجربے کے موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف بھی موجود تھے۔

ڈرون طیارے جو ہر طرح کے موسمی حالات میں کارگر ہیں، کے تجربے اور آنے والے وقت میں ان کے استعمال سے دہشت گردوں کے خلاف لڑائی میں خاطر خواہ مدد ملے گی، ان باصلاحیت ہتھیاروں سے یقیناً حربی استعداد اور صلاحیت میں اضافہ ہوا ہے۔ جنرل راحیل شریف نے اس جدید ''اسٹیٹ آف آرٹ ٹیکنالوجی'' کے حصول کے لیے انتھک محنت کرنے پر سائنسدانوں اور انجینئرز کے کردار کو سراہا، انھوں نے کہا کہ اس تجربے سے پاکستان ایک مختلف ''لیگ'' میں شامل ہوگیا ہے۔

انھوں نے ڈرون کے تجربے کو ایک عظیم کامیابی قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ یہ پوری قوم کے لیے یادگار لمحہ ہے، جس سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی صلاحیت میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے، ان طیاروں سے انسداد دہشت گردی کی مہمات میں بہت مدد ملے گی، آرمی چیف نے قوم کو مبارکباد دی، انھوں نے کہا کہ ہمیں اس میدان میں پاکستان کو آگے لے جانے کے لیے ہاتھوں میں ہاتھ دینا اور مل کر کام کرنا ہوگا۔

ادھر وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے بھی مسلح ڈرون براق اور لیزر گائیڈڈ میزائل برق کے کامیاب تجربے پر قوم کو مبارکباد دی ہے، اپنے ایک پیغام میں انھوں نے ''اسٹیٹ آف آرٹ ٹیکنالوجی'' کے حصول کے لیے پاک افواج، سائنسدانوں اور انجینئرز کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈرون کی صلاحیت پاکستان کے دفاع میں اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ یقیناً یہ پاکستانی قوم کے لیے خوشی کا موقع ہے جہاں ایک جانب کشیدگی پر کمر بستہ پڑوسی کو جو ہر وقت سرحدوں پر چھیڑخانیوں میں مصروف رہتا ہے اپنی حربی صلاحیتوں کا پیغام گیا ہے وہیں ملک کی سلامتی کو چیلنج کرنے والے دہشت گرد گروہوں کو بھی خبردار کیا گیا ہے۔

پاک افواج اور ملک کی سلامتی و بقا کے لیے سرگرم ادارے، سائنسدان و انجینئرز اس اہم پیش رفت پر تعریف و تحسین اور مبارک باد کے مستحق ہیں۔ پوری قوم کی امنگیں ملکی دفاع کے حوالے سے تروتازہ ہیں جسے کوئی عالمی سازش منتشر نہیں کرسکتی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں