کراچی میں بارشیں اور بدانتظامی کی کیفیت

ملک میں مغربی ہواؤں کی نئی لہر کے سبب کراچی میں وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا۔


Editorial March 15, 2015
اس معمولی سی بارش میں بھی کئی جگہوں پر نکاسی نہ ہونے کے باعث پانی کھڑا رہا اور کچرے کے ڈھیر سے اٹھتا تعفن شہریوں کے لیے اذیت کا باعث بنا۔ فوٹو: فائل

PESHAWAR: کراچی میں موسم سرما کے رخصت ہوتے الوداعی دنوں میں جب تیز دھوپ شہریوں پر تمازت بکھیر رہی تھی اچانک ہی ہونے والی بارشوں اور موسم کی تبدیلی نے شہریوں کے دل کھلا دیے، لیکن دو دن وقفے وقفے سے برسنے والے ابر رحمت سے جہاں لوگ خوشگوار کیفیت سے دوچار تھے وہیں بدانتظامی اور حادثات کے باعث ناخوشگوار واقعات کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

ملک میں مغربی ہواؤں کی نئی لہر کے سبب کراچی میں وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ جمعہ کو مختلف علاقوں میں علی الصبح بوندا باندی شروع ہوئی جو تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش میں تبدیل ہو گئی، بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ بارش کی وجہ سے سڑکوں پر پھسلن کے باعث کئی موٹر سائیکلیں سلپ ہونے کے واقعات پیش آئے جب کہ کورنگی میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی بارش کے باعث مکان کی دیوار گرنے سے بہن اور بھائی ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گئے، بچوں کی ماں شدید زخمی ہو گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کو کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح کے اوقات میں 0.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جب کہ شام میں ہونے والی بارش کی رفتار اتنی کم تھی کہ وہ ریکارڈ نہیں کی جا سکی، شہر میں 20 ناٹیکل میل کی رفتار سے ہوائیں چلتی رہیں جس کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا، جب کہ ہفتہ کو بھی ہلکی بوندا باندی کے ساتھ موسم انتہائی خوشگوار رہا۔ شہریوں کی بڑی تعداد نے سی ویو کا رخ کیا اور سمندری لہروں سے لطف اندوز ہوتے رہے۔

لیکن شہر بھر میں صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال اور سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ کے باعث خوشگوار موسم کا مزہ کرکرا ہو گیا، اس معمولی سی بارش میں بھی کئی جگہوں پر نکاسی نہ ہونے کے باعث پانی کھڑا رہا اور کچرے کے ڈھیر سے اٹھتا تعفن شہریوں کے لیے اذیت کا باعث بنا۔

موسم کی تبدیلی قدرت کے ہاتھوں میں ہے لیکن شہر کی صفائی ستھرائی کا نظام اگر بہتر بنایا جائے اور وقت سے پہلے متعلقہ ادارے اپنی ذمے داریوں کا احساس کرتے ہوئے اپنے فرائض انجام دیں تو بارش کا موسم ہمیشہ باعث رحمت ہی رہے گا۔ شہر کے انتظامی اداروں کو متحرک کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں