امن مارچ ریلی کو جنوبی وزیرستان میں داخل نہیں ہونے دیا گیا

ڈرون حملے عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں اور قبائلیوں کو ان سےڈرایا نہیں جاسکتا، عمران خان


ویب ڈیسک October 07, 2012
اقتدارمیں آئےتونبی ﷺ کی شان میں گستاخی نہیں ہونے دینگے، عمران خان۔ فوٹو: رائٹرز

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ٹانک میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈرون حملے عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں اور قبائلیوں کو ان سےڈرایا نہیں جاسکتا۔

عمران خان کی امن مارچ ریلی کو جنوبی وزیرستان کے بارڈر پر پاک افواج نے منزئی چیک پوسٹ پر روک لیا جس کے بعد قافلہ دوبارہ ٹانک کی جانب روانہ ہو گیا۔

ٹانک پہنچ کر عمران خان نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی سونامی اگر وزیرستان جاسکتی ہے تواسلام آباد کارخ بھی کرسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکمران امریکا کو کچھ اورعوام کو کچھ اور کہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ کسی لیڈرمیں بھی وزیرستان جانے کی ہمت نہیں، اپنے خطاب میں انہوں نے میاں نوازشریف اورمولانا فضل الرحمن کوبھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

تحریک انصاف کے سربراہ نے مزید کہا کہ ہماری حکومت آئی توقبائلی علاقوں میں ترقیاتی کاموں کے جال بچھا دیں گے، انہیں اپنے نوجوانوں پرفخرہے اورآئندہ انتخابات میں کوئی طاقت ان کی جماعت کوکامیابی سے نہیں روک سکتی۔

عمران خان نے کہا کہ ہزاروں معصوم لوگوں کو دہشت گردی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے، انھوں نے مزید کہا کہ وزیرستان کے لوگوں کو کہیں جانے کی ضرورت نہیں ، ہم خود پیسہ خرچ کر کے وزیرستان میں تعلیم اور سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔

قافلے کی روانگی سے قبل عمران خان نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارا مارچ امن کے لیے ہے ہم تصادم نہیں چاہتے، انہوں نے کارکنوں سے پُرامن رہنے کی اپیل بھی کی ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد پورا ہوگیا ہے، جو کام بڑی بڑی جماعتیں نہیں کرسکیں وہ ہم نے کردکھایا، ڈرون حملوں کے خلاف آواز پوری دنیانے سن لی۔

تحریک انصاف کی ریلی کو روکنے کیلئے مانجھی خیل کے مقام پر کنٹینرز لگا کر راستہ بند کردیا گیا ہے، جبکہ میاں محرم شاہ کے مقام پر گڑھے کھود کر سڑک بند کردی گئی ہے۔ دونوں مقامات پر پولیس اورایف سی کی بھاری نفری تعینات ہے۔

امن مارچ میں کئی غیرملکی بھی شریک ہیں جن میں زیادہ ترامریکی خواتین شامل ہیں، غیرملکیوں نےمعصوم شہریوں پرڈرون حملےبرسانے پرامریکہ کوآڑے ہاتھوں لیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں