ہفتہ وار افراط زر کی شرح میں 065 فیصد کا اضافہ

گزشتہ ہفتے 13 اشیا کی قیموں میں ہفتہ وار بنیادوں پر اضافہ جب کہ 8اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی

پیاز کی قیمت میں 22.80 فیصد، ٹماٹر کی قیمت 8.23 فیصد اور زندہ مرغی کی 7.88 فیصد بڑھ گئی فوٹو: فائل

ملک میں گزشتہ ہفتے افراط زر کی شرح میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.65 فیصد اضافہ دیکھاگیا جس کی بڑی وجہ پیاز اور زندہ مرغی کی قیمتوں میں اضافہ ہے۔

پاکستان بیوروشماریات سے جاری اعدادوشمار کے مطابق 12مارچ کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران سالانہ بنیادوں پر 1.88 فیصد کمی ہوئی، گزشتہ ہفتے 13 اشیا کی قیموں میں ہفتہ وار بنیادوں پر اضافہ ہوا جس میں پیاز کی قیمت سب سے زیادہ 22.80 فیصد کے اضافے سے اوسطاً 29.68 روپے فی کلوگرام تک پہنچ گئی جبکہ ٹماٹر کی قیمت 8.23 فیصد اور زندہ مرغی کی 7.88 فیصد بڑھ گئی، انڈے7.05فیصد، لہسن2.81 فیصد، ایل پی جی 2.70 فیصد، آلو 2.54 فیصد، لانگ کلاتھ 1.18 فیصد اور کیلے1.19 فیصد مہنگے ہوگئے، اس کے علاوہ شرٹنگ، گڑ، دال ماش اور بکرے کے گوشت کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔


بیورو شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے 8اشیا بشمول سرسوں کے تیل، دال چنا، گندم، ویجیٹیبل گھی (کھلا/تیل) دال مونگ، آٹے، مسور اور چینی کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.07 فیصد سے 1.21 فیصد تک کمی ہوئی۔

اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ہفتے سب سے زیادہ بوجھ 35ہزار روپے تک ماہانہ کمانے والوں پر 0.67 فیصد پڑا، 18ہزار روپے اور 35ہزار روپے سے زائد ماہانہ کمانے والوں کے لئے مہنگائی کی شرح میں 0.65 فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ 12 ہزار روپے ماہانہ تک آمدنی والوں کے لئےافراط زر کی ہفتہ وار شرح 0.64 فیصد اور 8ہزار روپے ماہانہ تک کمانے والوں کیلیے مہنگائی کی شرح میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.63 فیصد کا اضافہ ہوا۔
Load Next Story