دہشت گردوں کےخلاف کارروائی میں قوم مسلح افواج کے ساتھ ہے الطاف حسین

ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ضروری ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کی سمت درست کی جائے، قائد ایم کیو ایم


ویب ڈیسک March 15, 2015
معصوم لوگوں کو ہلاک و زخمی کرنے والے دہشت گرد سفاک اور انسانیت سے عاری ہیں، الطاف حسین فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے لاہور کے گرجا گھروں پر خودکش حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں قوم مسلح افواج کے ساتھ ہے۔

لندن سے جاری اپنے بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ یوحنا آباد کے گرجا گھروں میں بم دھماکے اس وقت کئے گئے جب وہاں دعائیہ تقریب جاری تھی جو انتہائی دردناک اور دہشت گردی کا بدترین واقعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہے اور ملک کی سلامتی اور استحکام کے درپے ہیں۔ معصوم لوگوں کو عبادت کے دوران بم دھماکے کرکے ہلاک اور زخمی کرنے والے دہشت گرد انسانیت سے عاری ہیں۔

الطاف حسین نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ضروری ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کی سمت درست کی جائے اور دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کو سیاسی محاذ آرائی اور انتقام کی نذر کرنے کا عمل بند کرکے یکسوئی اور مخلصی کے ساتھ ملک و قوم کو دہشت گردی سے نجات دلانے کے لئے عملی طور پر کام کیا جائے۔

ایم کیو ایم کے قائد نے بم دھماکوں میں ہلاک ہونے والے افراد کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہا رکرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی۔ انہوں نے وزیراعظم نواز شریف، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ یوحنا آباد میں بم دھماکوں میں ملوث دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کرکے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں