فلائنگ سیلزٹیکس انوائس اسکینڈل کا ماسٹر مائنڈ گرفتار

اسکینڈل میں ملوث دیگر سہولت کاروں اور معاونین کی تلاش کے لیے تحقیقات جاری ہے۔

ملزم جاوید انور نے مردہ شخص کی کمپنی کے نام پرقومی خزانے کوایک ارب روپے کا نقصان پہنچایا۔ فوٹو: فائل

ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیوکراچی نے جعلی اور فلائنگ سیلزٹیکس انوائسز کے ذریعے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے والے ماسٹرمائنڈ جاوید انورخان کو گزشتہ روزایک منظم چھاپے میں گرفتار کرلیا۔

ذرائع نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ جاویدانورخان کی گرفتاری19جنوری2015 کودرج ہونے والی ایف آئی آر نمبرST/DD-B/01/2014-15/24 کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی ہے، فلائنگ اور جعلی انوائسزاسکینڈل میں ملوث شخص کی گرفتاری کے لئے اس سے قبل بھی ڈائریکٹریٹ آئی اینڈ آئی کراچی کی ٹیم نے متعدد چھاپے مارے لیکن اسے ناکامی کا سامنا رہا تاہم جمعے کی صبح ڈائریکٹر آئی اینڈ آئی کراچی ڈاکٹرشمس الہادی، ایڈیشنل ڈائریکٹرعاصم افتخار، ایڈیشنل ڈائریکٹرعقیل احمد صدیقی اور ڈپٹی ڈائریکٹرآصف علی ابڑو نے ایک خفیہ اطلاع پرفوری طور پرڈائریکٹریٹ کی ریپڈ ٹیم تشکیل دی جس نے پاکستان سیکریٹریٹ سے متصل ایم پی اے ہاسٹل کے قریب چھاپہ مارکرمطلوب ملزم جاوید انورخان کوشدید مزاحمت کے بعد گرفتارکرلیا۔


آئی اینڈ آئی کراچی کے ڈپٹی ڈائریکٹرآصف ابڑو نے 'ایکسپریس' کے استفسارپربتایاکہ گرفتارشخص انتہائی چالاک ہے جوجعلی اور فلائنگ انوائسزکا ماسٹرمائنڈ ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ گرفتارشخص جاوید انورخان نے مردہ شخص کی کمپنی میسرز کو ٹیلا کارپوریشن کا آئی ڈی، پاس ورڈ حاصل کرکے ایف بی آر میں جعلی گوشوارے جمع کرائے اور بعد ازاں جعلی وفلائنگ انوائسزکے ذریعے ریفنڈ حاصل کرتا رہا جس کے نتیجے میں قومی خزانے کوایک ارب روپے کا نقصان پہنچا، اس کیس میں پہلے ہی ایک اورشخص ارشدعلی خان کوگرفتارکیا جاچکا ہے جس کی نشاندہی پرجاوید انورخان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے گئے۔

ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ کیس میں توصیف احمد اور راشد علی خان نامی2ملزمان تاحال مفرور ہیں۔ ڈائریکٹرجنرل آئی اینڈ آئی ہارون خان ترین نے جعلی وفلائنگ سیلزٹیکس انوائس اسکینڈل میں ملوث شخص کی گرفتاری کوآئی اینڈ آئی کی ایک بڑی کامیابی قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کیس میں مزیدگرفتاریاں بھی متوقع ہیں جبکہ اسکینڈل میں ملوث دیگر سہولت کاروں اور معاونین کی تلاش کے لیے تحقیقات جاری ہے۔
Load Next Story