مووی ریویو ’’ این ایچ 10‘‘

محبت، جنون اور ایک غلط فیصلے کے گرد گھومنے والی 24 گھنٹوں کی یہ کہانی آپ کے دل کو چھو لے گی۔


محبت، جنون اور ایک غلط فیصلے کے گرد گھومنے والی 24 گھنٹوں کی یہ کہانی آپ کے دل کو چھو لے گی۔ فوٹو؛ این ایچ 10 فیس بک پیج

گزشتہ روز انوشکا شرما اور نیل بھوپالم کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم این ایچ 10 دیکھنے کا اتفاق ہوا۔ ایک ایسی کہانی جو مختصر ضرور ہے لیکن اپنی نوعیت کے اعتبار سے خاصی مختلف اور منفرد ہے۔

گوکہ اس سے پہلے بھی اس قسم کی فلمیں عکسبند کی جاچکی ہیں لیکن اُن فلموں میں ہونے والی ہر طرح کی کمی کو این ایچ 10 میں انوشکا نے پورا کردیا۔ محبت، جنون اور ایک غلط فیصلے کے گرد گھومنے والی 24 گھنٹوں کی اس کہانی میں انوشکا (میرا) جبکہ نیل بھوپالم (ارجن) کے مرکزی کردار میں جلوہ گر ہوئے ہیں۔



فوٹو؛ این ایچ 10 فیس بک پیج

فلم کی ہدایتکاری نودیپ سنگھ نے دی ہے، جبکہ کہانی سدیپ شرما نے لکھی ہے۔ فلم کی موسیقی انربان چکرورتی، سنجیو درشن، آیوش شریستھا، سویرا مہتا اور سمیرا کوپیکار نے مشترکہ طور پر ترتیب دی ہے۔ اس فلم میں گانوں کی کل تعداد 6 ہے، جن میں سے گانا ''چھل گئے نینا'' شائقین میں بے حد مقبول ہوا۔

فلم کی کہانی نیشنل ہائی وے کے سفر پر مبنی ہے۔ 403 کلو میٹر کا راستہ دہلی سے شروع ہوکر ہریانہ کے ذریعے بہادر گڑھ ، روہٹک، حسار، فتح باد اور سرسا سے ہوتا ہوا پنجاب پاکستان کے بارڈر پر اختتام پذیر ہوتا ہے۔

ارجن اور میرا کے درمیان میاں بیوی کا مثالی پیار ہی دراصل فلم کی شروعات ہے۔ ارجن چاہتا ہے کہ وہ دونوں اکیلے شہر سے دور سالگرہ منائیں، میرا کو بھی ارجن کا آئیڈیا اچھا لگتا ہے، اور دونوں میاں بیوی ہائی وے کے خطرناک سفر پر نکل پڑتے ہیں۔



فوٹو؛ این ایچ 10 فیس بک پیج

شہر سے باہر جاتے ہوئے چیک پوسٹ پر ارجن کو سیکیورٹی اہلکار آگاہ کرتا ہے کہ آگے رش کی وجہ کچھ دیر قبل پیش آ نے والا واقعہ ہے، جہاں سیکیورٹی اہلکار کے روکنے پر گاڑی والے نے اسے قتل کردیا ہے۔

ارجن اس بات کو درگزر کرکے اپنا سفر جاری رکھتا ہے۔ دوران سفر ارجن جس سڑک پر گاڑی موڑتا ہے، میرا کو محسوس ہوتا ہے کہ وہ صحیح نہیں، وہ ارجن کو منع بھی کرتی ہے، لیکن اس کے باوجود ارجن اس کی بات پر کان نہیں دھرتا۔ کچھ آگے جاکر گاڑی روک کر ارجن مقامی لوگوں سے سوال کرتا ہے کہ یہ روڈ کہاں جاتی ہے؟

جس پر وہ لوگ اس کی بات پر مذاق اڑاتے ہوئے جواب دیتے ہیں کے روڈ کہاں جاتی ہے وہ تو اپنی جگہ پر ہی رہتی ہے۔ ارجن جواب نا ملنے پر واپس گاڑی میں آکربیٹھ جاتا ہے اور میرا کو دیکھ کر پریشان ہوجاتا ہے۔ وہ خوف زدہ نظروں سے ارجن کو دیکھتی ہے۔ اب وہ خوفزدہ کیوں تھی یہ جاننے کے لئے آپ کو فلم دیکھنا پڑے گی۔

فلم کا اگلا حصہ خاصہ دلچسپ اور ٹرننگ پوائنٹ ہے، جب ارجن اور میرا ایک ڈھابے پر رکتے ہیں۔ اسی دوران ایک لڑکی گھبرائی ہوئی میرا کے پاس آ تی ہے اور مدد طلب کرتی ہے، لیکن وہ اس کی بات کو نظر انداز کرکے آگے بڑھ جاتی ہے۔ کچھ دیر بعد ہی اسی لڑکی کا بھائی، ماما اور ساتھی اس لڑکی اور اس کے بوائے فرینڈ کو گھسیٹتے نظر آتے ہیں۔ ارجن ہمت کرکے آگے بڑھتا ہے اور درشن کمار جو کہ ستبیر کے نام سے ولن کا کردار ادا کررہا ہے، اسے روکنے کی کوشش کرتا ہے لیکن اگلے ہی لمحے ستبیر ارجن کو تھپڑ رسید کرکے اپنی بہن اور اس کے بوائے فرینڈ کو گاڑی میں ڈال کر روانہ ہوجاتا ہے ۔



فوٹو؛ این ایچ 10 فیس بک پیج

ارجن کے سر پر ستبیر سے بدلہ لینے کا جنون سوار ہوجاتا ہے، انوشکا کے لاکھ منع کرنے کے باوجود وہ ستبیر کو ڈھونڈتے ہوئے ایک ایسی جگہ پہنچ جاتا ہے جہاں بندہ نا بندے کی ذات۔

ارجن کو ستبیر کی بہن اور اس کا بوائے فرینڈ جس حالت میں نظر آتے ہیں انہیں دیکھتے ہی میرا اور ارجن دونوں کی جان نکل جاتی ہے۔ اب ان دونوں کے ساتھ کیا ہوتا ہے، وہ ان انجان راستوں اور ستبیر سے بچنے میں کامیاب ہوتے ہیں یا نہیں، اب اِس کے لیے تو فلم ہی دیکھنی ہوگی۔



فوٹو؛ این ایچ 10 فیس بک پیج

فلم میں انوشکا شرما نے بہترین اداکاری کا مظاہرہ کیا ہے اور رات کے مناظر کو کیمروں کی آنکھ نے بخوبی عکس بند کرکے فلم میں چار چاند لگا دیئے ہیں۔ ویسے فلم کے کچھ سین کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ این ایچ 10 ہالی ووڈ کی فلم رانگ ٹرن کی کاپی ہے بلکہ کچھ مناظر میں تو عالیہ بھٹ کی فلم ہائی وے کی جھلک بھی نظر آئی۔ لیکن یہ ہائی وے نہیں بلکہ نیشنل ہائی وے ہے، یعنی اس سے بھی کچھ بڑھ کر۔ تاحال این ایچ 10 کو 10 میں سے 7.6 ریٹینگ دی جارہی ہے، میری نظر میں یہ فلم اس سال کی بہترین فلموں میں سے ایک ہے، چلیں اب آپ بھی دیکھیں اور بتائیں کہ آپ کو اچھی لگی یا نہیں۔




نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
اگر آپ بھی ہمارے لیے ریویو لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 سے 800 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر ، فیس بک اور ٹویٹر آئی ڈیز اوراپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کریں۔ بلاگ کے ساتھ تصاویر اورویڈیو لنکس بھی بھیجے جا سکتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں