آپریشن راہ نجات کے متاثرین کی اپنے علاقوں میں واپسی شروع

جنوبی وزیرستان کی تحصیل سراروغا اور سرواکئی کے 25 ہزار خاندان اپنے گھروں کو واپس جائیں گے۔


ویب ڈیسک March 16, 2015
جنوبی وزیرستان کی تحصیل سراروغا اور سرواکئی کے 25 ہزار خاندان اپنے گھروں کو واپس جائیں گے۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

ISLAMABAD: قبائلی علاقوں سے آپریشن راہ نجات کے باعث نقل مکانی کرنے والے متاثرین کی واپسی کا عمل آج سے شروع ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جنوبی وزیرستان میں آپریشن راہ نجات کے باعث نقل مکانی کرنے والے افراد کو واپس اپنے علاقوں میں منتقل ہونے کے گیارہویں مرحلے کا آغاز ہوگیا اور تحصیل سراروغا اور سرواکئی کے 25 ہزارخاندان اپنے گھروں کو واپس جائیں گے جب کہ فی متاثرہ خاندان کو ٹرانسپورٹ کی مد میں 10 ہزار روپے اور 25 ہزار روپے اے ٹی ایم کے ذریعے دیے جا رہے ہیں۔ جنوبی وزیرستان کے لوگوں کی واپسی کے بعد 20 مارچ سے خیبر ایجنسی سے نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کی اپنے علاقوں میں واپسی کا عمل شروع ہوگا۔

دوسری جانب شمالی وزیرستان کے پناہ گزینوں کی واپسی کا عمل 31 مارچ سے شروع ہوگا جب کہ خیبرایجنسی کی تحصیل باڑہ کے علاقے اکاخیل کے 20 ہزار خاندان گھر واپس لوٹیں گے جب کہ فاٹا میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے ایف ڈی ایم اے کے مطابق باڑہ سے ایک لاکھ 71 ہزار افراد گھر بار چھوڑ کر پناہ گزین کیمپوں یا رشتہ داروں کے ہاں پناہ لینے پر مجبور ہو گئے تھے جنہیں اپنے علاقوں میں منتقل کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ جنوبی وزیرستان میں 2009 میں فوج آپریشن راہ نجات شروع کیا گیا تھا جس میں 7 لاکھ افراد نقل مکانی کر کے ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان اور دیگر علاقوں میں قیام پذیر تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں