فاسٹ بولر محمد عرفان کی کوارٹرفائنل میں شرکت مشکوک

محمد عرفان کے ایم آر آئی کی تفصیلی رپورٹ آنے کے بعد ہی میچ میں ان کی شرکت کا فیصلہ کیا جائے گا

عرفان کی کوارٹر فائنل میں عدم شرکت کو خارج از امکان ظاہر نہیں کیا جاسکتا، فزیو تھراپسٹ قومی ٹیم، فوٹو:فائل

قومی ٹیم کے پیس اٹیک کا اہم ہتھیار محمد عرفان انجری کے سبب مکمل طور پر فٹ نہ ہوسکے جس کے باعث آسٹریلیا کے خلاف کوارٹر فائنل میں ان کی شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ محمد عرفان اس وقت کولہے میں چوٹ لگنے کے سبب انجری کا شکار ہیں جس کے باعث ان کا ایم آر آئی ایکسرے کیا گیا اور اس کی رپورٹ منگل کو آنے کے بعد ہی 20 مارچ کو ہونے والے کوارٹر فائنل میں شرکت کا فیصلہ کیا جائے گا۔


قومی کرکٹ ٹیم کے فزیو تھراپسٹ برید رابنسن کا کہنا ہے کہ محمد عرفان کے ایم آر آئی کی تفصیلی رپورٹ کے بعد ہی ان کی میچ میں شرکت کے حوالے سے کوئی حتمی بات کی جاسکے گی۔

دوسری جانب غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو میں رابنسن کا کہنا تھا کہ فاسٹ بولر محمد عرفان کی انجری سے متعلق ابتدائی رپورٹ حوصلہ افزا نہیں اسی لیے عرفان کی کوارٹر فائنل میں عدم شرکت کو خارج از امکان ظاہر نہیں کیا جاسکتا۔

واضح رہے کہ محمد عرفان ورلڈ کپ 2015 میں مخالف ٹیموں کے لیے خوف کی علامت بنے ہوئے ہیں اور اس ورلڈ کپ میں انہوں نے اپنی بولنگ سے قومی ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کیا ہے تاہم وہ انجری کے باعث آئر لینڈ کے خلاف میچ ٹیم کا حصہ نہیں بن سکے تھے۔
Load Next Story