سری لنکن ٹائیگرز’’چوکرز‘‘ کو ٹھوکر لگانے کیلیے بے چین

میدان میں اترنے سے پہلے ہی منفی ٹیگ جنوبی افریقی اعصاب پر سوار،اس بار چوک نہیں ہوگی، ڈی ویلیئرز


Sports Desk/AFP March 18, 2015
آئی لینڈرز کے حوصلے آسمان کو چھونے لگے، ہیراتھ کی شرکت بدستور مشکوک،ٹاس کا کردار زیادہ اہم نہیں ہوگا، میتھیوز فوٹو: اے ایف پی

ورلڈ کپ کا پہلا کوارٹر فائنل بدھ کو سڈنی میں ہو گا،سری لنکن ٹائیگرز ''چوکرز'' کو ٹھوکرلگانے کیلیے بے چین ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقی ٹیم ایونٹ میں بطور فیورٹ شریک ہوئی، اس نے ویسٹ انڈیز اور آئرلینڈ کیخلاف بڑی فتوحات پائیں، 2 مرتبہ 400 پلس کا مجموعہ بنایا مگر ساتھ پول کی دیگر2 بڑی ٹیموں بھارت اور پاکستان کے ہاتھوں اسے شکست کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ دوسری جانب سری لنکا نے چار مرتبہ 300 پلس کا ٹوٹل اسکور بورڈ پر سجایا لیکن آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف اس کی بولنگ زیادہ کارآمد ثابت نہیں ہو پائی۔

پروٹیز کا آئی لینڈرز پر ماضی قریب کا ریکارڈ قدرے بہتر ہے، انھوں نے دورئہ سری لنکا کے دوران 2-1 سے سیریز اپنے نام کی تھی جس میں ہاشم آملا، ڈی کاک اور ڈی ویلیئرزنے اہم کردار ادا کیا تھا ۔ اس وقت ڈی ویلیئرز جہاں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں وہیں سری لنکا کے سنگاکارا بھی زندگی کی بہترین فارم میں ہیں،وہ سنچری سے کم بات ہی نہیں کرتے۔

آئی لینڈرز کو اپنے ٹاپ اسپنر رنگانا ہیراتھ کے صحتیاب ہونے کا انتظار ہے جو آخری رپورٹس تک مکمل فٹ نہیں تھے،ان کے میدان میں اترنے کا امکان بہت کم ظاہر کیا جارہا تھا، اس صورت میں سیکوگے پرسنا کو میدان میں اتارا جائیگا۔ سڈنی کرکٹ گرائونڈپر 2 اسپیشلسٹ اسپنرز کو بھی کھلایا جاسکتا ہے۔

اگر تین پیسرز کو آزمایاگیا تو پھر تلکارتنے دلشان کی اسپن صلاحیتوں سے فائدہ اٹھایا جائے گا۔ دوسری جانب جنوبی افریقی بیٹسمین فاف ڈوپلیسی کمر کی تکلیف سے نجات پاچکے اور ان کے میدان میں اترنیکا امکان ہے، ان کے لیے فرحان یا پھر ریلی روسیو کو باہر بیٹھنا پڑے گا، اگرچہ روسیو ایک اچھے بیٹسمین ہیں لیکن فرحان نے گذشتہ مقابلے میں ناٹ آئو ٹ 64 رنزبناکر اپنا کیس مضبوط کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں