کراچی دہشت گردوں سے جھڑپ 2 پولیس اہلکار جاں بحق

پولیس مقابلے فیروز آباد اور پیر آباد میں ہوئے، مقابلے میں2اہلکار شدید زخمی ہوگئے


Staff Reporter March 18, 2015
اتحاد ٹاؤن میں مبینہ ٹارگٹ کلر مارا گیا، میانوالی کالونی میں رینجرز سے مقابلہ، 2 ملزمان ہلاک۔ فوٹو: فائل

پیر آباد اور فیروز آباد میں پولیس مقابلوں کے دوران 2 پولیس اہلکار جاں بحق اور 2 شدید زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق بنارس پل پر موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار45 سالہ ساجد محمود موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ پولیس اہلکار 35سالہ عبدالکبیر شدید زخمی ہوگیا ، واقعے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ، ہلاک و زخمی ہونے والوں کو عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا جہاں سے ابتدائی طبی امداد کے بعد زخمی اہلکار کو پی این ایس شفا اسپتال منتقل کردیا گیا، پیر آباد تھانے کے ڈیوٹی افسر عالم زیب کے مطابق فائرنگ موٹر سائیکل سواروں نے کی اور مذکورہ مقام پر معمول کی پکٹنگ لگائی جاتی ہے۔

جاں بحق ہونے والا اور زخمی اہلکار پیر آباد تھانے میں تعینات تھے زخمی اہلکار کو 3 گولیاں لگی ہیں اور اس کی حالت تشویشناک ہے ، شہید اہلکار پیر آباد اسلامیہ کالونی کا رہائشی اور رٹائرڈ فوجی جوان تھا جبکہ اس کا آبائی تعلق اندرون سندھ سے تھا۔ دوسری جانب فیروزآباد تھانے کی حدود خالد بن ولید روڈ پر تین ملزمان راہگیروں سے لوٹ مار کررہے تھے اس دوران وہاں قریبی موجود پولیس پارٹی نے ملزمان کو روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، پولیس کی جوابی فائرنگ سے بھی ایک ملزم زخمی ہوگیا تاہم وہ اپنے ساتھیوں کی مدد سے موٹر سائیکل چھوڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، زخمی پولیس اہلکاروں کو اسپتال لے جایا جارہا تھا کہ ایک اہلکار معرفت شاہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا، ہلاک و زخمی اہلکاروں کو عباسی شہید اسپتال لے جایا گیا جہاں سے اہلکار مہتاب کو ابتدائی طبی امداد کے بعد نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

اتحاد ٹاؤن پولیس نے ایک اطلاع پر اتحاد ٹاؤن محمد خان کالونی ڈی گیارہ منی بس کے آخری اسٹاپ کے قریب چھاپہ مارا وہاں موجود ملزم نے پولیس کو دیکھ کر فرار ہوتے ہوئے فائرنگ کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ملزم شدید زخمی ہو گیا جسے پولیس نے گرفتار کر لیا ، ملزم کو اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں دم توڑ گیا، ایس ایچ او کے مطابق ملزم کی شناخت 22 سالہ گل حیدر ولد گل محمد خان کے نام سے کرلی گئی، ہلاک ہونے والا ملزم پولیس کو قتل کے مقدمہ الزام نمبر 30/14 میں مطلوب تھا، ملزم نے سید عاشق حسین نامی شہری سمیت دیگر افراد کو ٹارگٹ کرکے قتل کرنے کے ساتھ بھتہ خوری میں بھی ملوث تھا۔ علاوہ ازیں پیر آباد کے علاقے میانوالی کالونی رئیس سینٹر کے قریب رینجرز نے مبینہ مقابلے میں2 ملزمان کو ہلاک کر دیا۔ ہلاک ہونے والوں کے عمریں 25 سے30 برس کے درمیان ہیں ، پولیس نے ہلاک ہونے والے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ کی برآمدگی کا دعویٰ کیا ہے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں