عرفان کے بغیر بھی آسٹریلیا کو شکست دے سکتے ہیں ہیڈ کوچ وقار یونس

اہم وقت پر عرفان کا کھونا ہماری بدقسمتی ہے تاہم قومی ٹیم ان کے بغیر بھی مضبوط ہے، وقار یونس

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کوارٹرفائنل 20 کو ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا، فوٹو:فائل

ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی امیدوں کا محور فاسٹ بولر محمد عرفان کے ایونٹ سے باہر ہونے کے بعد پاکستان کو بڑا دھچکا لگا تاہم قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ عرفان کی غیر موجودگی میں بھی ہماری ٹیم آسٹریلیا کو شکست دے سکتی ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے سے گفتگو میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس کا کہنا تھا کہ اگرچہ محمد عرفان پاکستان کے لیے میچ وننگ بولرتھے اور ایک اہم وقت پر عرفان کا کھونا ہماری بدقسمتی ہے تاہم قومی ٹیم عرفان کے بغیر بھی مضبوط ہے اور آسٹریلیا کو شکست دے کر فتح حاصل کرسکتی ہے۔


وقار یونس کا کہنا تھا کہ محمد عرفان کو آرام نہ دینے سے متعلق خبریں صرف قیاس آرائیاں ہیں انہیں انجری 2 روز میں نہیں ہوئی بلکہ وہ کافی عرصے سے اس کا شکار ہیں، عرفان کی جگہ پر کرنا مشکل کام ہے تاہم ٹیم میں اس خلا سے نمٹنے کی بھرپور تیاری کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم نے شکست سے ٹورنامنٹ کا آغاز کیا تھا لیکن کئی بولرز کھونے کے باوجود بھی پاکستان فتح کے راستے گامزن ہوگیا، قومی ٹیم میں وہاب ریاض اور راحت علی بھی بہترین بولنگ کررہے ہیں اور بالخصوص وہاب ریاض نے اپنی ذمہ داریوں کو بھرپور طریقے نبھایا اس لیے عرفان کے نہ ہونے پر بھی ٹیم میں جیتنے کی مکمل صلاحیت ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کوارٹرفائنل 20 کو ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا جس میں کامیاب ہونے والی ٹیم سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرے گی۔
Load Next Story