صولت مرزا کا بیان ایم کیوایم کے خلاف سازشی منصوبے کا حصہ ہے الطاف حسین

صولت مرزا نے جو کچھ کہا وہ جھوٹ ہے اوریہ سب ایم کیو ایم کو بدنام کرنے کی سازش ہے، قائد متحدہ قومی موومنٹ


ویب ڈیسک March 19, 2015
مجرموں کی گرفتاری کی آڑ میں کراچی میں رینجرز کے آپریشن کا رخ ایم کیوایم کی جانب موڑ دیا گیا ہے،الطاف حسین۔ فوٹو: فائل

ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے صولت مرزا کی جانب سے دیئے گئے بیان کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کا بیان ایم کیوایم خلاف سازشی منصوبے کا حصہ ہے۔

صولت مرزا کے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوتے ہوئے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا کہ صولت مرزا نے جو کچھ کہا وہ سب جھوٹ ہے، میں ان سے کبھی نہیں ملا جب کہ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی سزا یافتہ قیدی کی ویڈیو جاری کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سب ایک منصوبے کے تحت ہورہا ہے اس طرح کا بیان ایم کیوایم کے خلاف سازشی منصوبے کا حصہ اور اسے دنیا بھر میں بدنام کرنے کی سازش ہے۔

ایم کیوایم کے قائد کا کہنا تھا کہ میں کسی قسم کے ٹرائل سے کبھی نہیں گھبراتا تاہم پاکستان آنے کا فیصلہ قانونی و آئینی ماہرین کریں گے۔

واضح رہے کہ ایم ڈی کے ای ایس سی شاہد حامد کے قتل کیس میں پھانسی کی سزا کے قیدی صولت مرزا کی جانب سے ویڈیو بیان دیا گیا ہے جس میں ان کی جانب سے ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں پر بھی سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں