پاکستان کے خلاف کوارٹر فائنل مقابلے کو فائنل سمجھ کر کھیلیں گے مائیکل کلارک
آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک نے کہا ہے کہ کوارٹر فائنل میچ میں پاکستان سے سخت مقابلے کی توقع ہے اس لئے ہم اس میچ کو اپنے لئے فائنل میچ سمجھ کر کھیلیں گے۔
ایڈیلیڈ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مائیکل کلارک نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کو گزشتہ کئی سالوں سے محدود اوورز کے مقابلوں میں زیادہ اہمیت نہیں دی گئی لیکن وہ سمجھتے ہیں کہ پاکستانی ٹیم بہت باصلاحیت ہے، پاکستان کا بولنگ اٹیک مضبوط ہے جس میں دائیں اور بائیں ہاتھ کے بولرز موجود ہے جب کہ حریف ٹیم میں نئے اور پرانے کھلاڑی موجود ہیں جو کسی بھی ٹیم کے لئے خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے کوارٹر فائنل مقابلہ بڑا چیلنج ہے جسے جیتنے کے لئے ہمیں بہترین کارکردگی دکھانی ہوگی کیونکہ اگر ہم یہ میچ ہارے تو میگا ایونٹ میں ہمارا سفر ختم ہوجائے گا اور ہمیں افسوس کے ساتھ باقی میچز گراؤنڈ سے باہر بیٹھ کر دیکھنے ہوں گے۔
آسٹریلوی کپتان کا اپنی ٹیم کے حوالے سے کہنا تھا کہ اگرچہ آسٹریلوی ٹیم نے اب تک ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے لیکن ہر میچ ایک نیا میچ ہوتا ہے اور آپ کو ہر چیز ازسرنو شروع کرنی ہوتی ہے اس لئے ہم پچھلی پرفارمنس کے بجائے آگے کے میچوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوارٹر فائنل میں ان کی بیٹنگ لائن وہی ہوگی جو سری لنکا کے خلاف تھی جب کہ آسٹریلوی ٹیم کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ اس کے تمام بلے باز صورتحال کے مطابق خود کو ڈھال کر کسی بھی پوزیشن پر بیٹنگ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔