پیپلزپارٹی نے عزیر بلوچ کو کبھی کسی کی جان لینے کی ہدایت نہیں دی شرجیل میمن

ہماری خواہش ہے کہ عزیر بلوچ کی پاکستان واپسی ہو تاکہ ان کا ٹرائل ہوسکے، صوبائی وزیر اطلاعات


ویب ڈیسک March 19, 2015
عزیر بلوچ کے بیان سے متعلق کوئی ثبوت ہے تو اسے سامنے لایا جائے، شرجیل میمن، فوٹو:فائل

لاہور: پیپلزپارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی نے عزیر بلوچ کو کبھی کسی کی جان لینے یا جرائم کی ہدایت نہیں دی۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام ''جی فار غریدہ'' میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ عزیر بلوچ کو پیپلزپارٹی کی جانب سے کبھی کسی کی جان لینے یا جرائم کی ہدایت نہیں کی گئی، پیپلزپارٹی نے تو ہمیشہ کوشش کی کہ لیاری گینگ وار کا خاتمہ کیا جائے کیونکہ وہ ہمیشہ ہمارے لیے ہی عذاب بنی۔ انہوں نے کہا کہ لیاری میں سندھ حکومت کے ہی دور میں عزیر بلوچ سمیت دیگر جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن ہوا کیونکہ پیپلزپارٹی کا ہمیشہ یہی موقف رہا ہے کہ جرائم پیشہ افراد کسی بھی جماعت سے تعلق رکھتے ہوں ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ اگر عزیر بلوچ کے بیان میں میرا نام شامل ہے تو بتایا جائے کہ میں کہاں گرفتاری پیش کروں اور اگر اس بیان سے متعلق کوئی ثبوت ہے تو اسے سامنے لایا جائے یا پھر کوئی ایسا ثبوت پیش کیا جائے جس میں ثابت ہو کہ پیپلزپارٹی یا سندھ حکومت عزیر بلوچ کی پاکستان واپسی میں کوئی رکاوٹ کھڑی کررہی ہیں، ہماری خواہش ہے کہ عزیر بلوچ کی پاکستان واپسی ہو تاکہ ان کا ٹرائل ہوسکے جب کہ انہوں نے جو بھی بیان دیا انہیں اس کے ثبوت بھی پیش کرنا ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں