ون ڈے کیریئر آج ختم نہیں ہوگا پاکستانی کپتان کو یقین

ابھی مزید 2 میچز کھیلنا ہیں، ورلڈکپ میں اور آگے جانے کیلیے پُراعتماد ہیں، قائد قومی ٹیم

ابھی مزید 2 میچز کھیلنا ہیں، ورلڈکپ میں اور آگے جانے کیلیے پُراعتماد ہیں، قائد قومی ٹیم فوٹو: فائل

کپتان مصباح الحق آسٹریلیا سے مقابلے کو اپنا الوداعی میچ نہیں سمجھتے اور ان کا کہنا ہے کہ میرا ون ڈے کیریئر اتنی جلدی ختم نہیں ہوسکتا ابھی مزید 2 میچز کھیلنا ہیں۔


تفصیلات کے مطابق کپتان مصباح الحق اور آل راؤنڈرشاہد خان آفریدی نے ورلڈ کپ کے بعد ایک روزہ فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہوا ہے۔ آسٹریلیا سے کوارٹر فائنل جمعے کو شیڈول ہے، جو یہ مقابلہ ہارا وہ ایونٹ سے باہر ہوجائے گا، مگر مصباح کو یقین ہے کہ یہ ان کے کیریئر کا الوداعی مقابلہ ثابت نہیں ہوگا، وہ اس کے بعد بھی دونوں میچز کھیلنے کے لیے پُراعتماد ہیں، انھوں نے کہاکہ یہ ورلڈ کپ اور میرا کیریئر ابھی ختم نہیں ہوا، ہم اس ٹورنامنٹ میں مزید آگے جانا پسند اور جمعے کا مقابلہ جیتنے کی پوری کوشش کریں گے، یہی ہماری خواہش اور سب سے بڑا خواب ہے، اب یہ دیکھنا ہے کہ اس کو حاصل کرپاتے ہیں یا نہیں، میں اچھی کرکٹ کھیلنا اور اپنی بہترین کارکردگی دکھانا چاہتا ہوں۔

کپتان سے جب سوال ہوا کہ کوارٹر فائنل کے اپنا آخری مقابلہ ہونے سے بچنے کیلیے ان پر کوئی اضافی دباؤ ہے تو انھوں نے کہا کہ ہم بنیادی چیزوں پر عمل پیرا رہنا چاہتے ہیں، اگر آپ اس سے آگے بڑھ کر سوچیں گے تو خود پر دباؤ بڑھ جائے گا، میں اور شاہد آفریدی ایسا نہیں چاہتے، ہم نے ہمیشہ اپنی ٹیم کے لیے پوری توانائیاں صرف کیں اور پاکستان کیلیے متحد ہوکر کھیلنے کی کوشش کی، یہی بات سب سے زیادہ اطمینان بخش ہوتی ہے۔
Load Next Story